لاہور: (دنیا نیوز) پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ میں نے اپنی زندگی کے 14 سال جیل میں گزار کر وقت ضائع نہیں کیا۔
بینظیر بھٹو کی 69 ویں سالگرہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے زرداری نے کہا کہ پاکستان کے مسائل کا حل چین کے ساتھ مضبوط رابطوں میں مضمر ہے۔ اللہ نے موقع دیا تو تمام غیر استعمال شدہ وسائل بروئے کار لائیں گے، غیر استعمال شدہ وسائل بروئے کار لاکر اس کے ثمرات قوم تک پہنچائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ 14 سال جیل میں وقت ضائع نہیں کیا بلکہ کتابیں پڑھیں اور تاریخ کا مطالعہ کیا، جیل میں سوچتا رہا، انقلابات اور مختلف معاشروں پر علم حاصل کیا اور ذہن مضبوط کیا۔ پارٹی میں نوجوانوں کو آگے لانے کی ضرورت ہے۔
سابق صدر نے کہا کہ جب ضیاالحق کے دور میں سینئر لیڈروں نے شہید بینظیر بھٹو کا ساتھ چھوڑ دیا تو اس وقت بی بی شہید نے پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی میں نوجوانوں کو شامل کیا۔ نوجوان نسل سے کہوں گا کہ وہ بینظیر بھٹو شہید کی دو کتابیں ڈاٹر آف دی ایسٹ Daughter of the East اور ری کنسلئیشن Reconciliation ضرور پڑھیں۔