لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے پنجاب اسمبلی کے حوالے سے گورنر کا جاری کردہ آرڈیننس لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کی رکن صوبائی اسمبلی زینب عمیر نے وکیل کی وساطت سے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی جس میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ گورنر پنجاب نے 14 جون کو صوبائی اسمبلی کے اختیارات کے حوالے سے آرڈیننس جاری کیا تھا جو کہ آئین کی خلاف ورزی ہے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ گورنر کی جانب سے جاری آرڈیننس سے سیکرٹری اسمبلی کے اختیارات محدود کردیئے گئے اور اجلاس نوٹیفائی یا ڈی نوٹیفائی کرنے کا اختیار سیکرٹری قانون کو دے دیا گیا ہے۔
پی ٹی آئی رکن نے مؤقف اختیار کیا کہ گورنر کا آرڈیننس رولز آف اسمبلی سے متصادم اور آئین کے خلاف ہے، گورنر کو پنجاب اسمبلی کا اجلاس اسمبلی سے باہر بلانے کا اختیار نہیں لہٰذا آرڈیننس آئین سے متصادم قرار دے کر کالعدم قرار دیا جائے۔
رکن اسمبلی زینب عمیر نے درخواست میں عدالت سے استدعا کی کہ حتمی فیصلے تک آرڈیننس پر عملدرآمد روک دیا جائے۔