نواب شاہ :(دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری کی والدہ انتقال کرگئیں، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی، وزیراعظم شہباز شریف و دیگر نے افسوس کا اظہار کیا۔
فیملی ذرائع کے مطابق حاکم علی زرداری کی دوسری بیوی کا کراچی میں انتقال ہوا ہے۔
اس حوالے سے فیملی ذرائع کی جانب سے مزید بتایا گیا کہ زریں آرا بخاری کی تدفین آبائی قبرستان نواب شاہ میں ہوگی۔
خیال رہے کہ دوروز قبل پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے روانڈا جانے کا دورہ منسوخ کردیا تھا، دورہ منسوخ کرنے کی وجہ ان کی دادی کی شدید علالت بتائی گئی تھی۔
واضح رہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری کے والد حاکم علی زرداری مرحوم نے دو شادیاں کی تھیں، ان کی پہلی اہلیہ کا نام بلقیس سلطانہ جبکہ دوسری کا نام زریں آرا بخاری تھا، حاکم علی زرداری چار بچوں کے باپ تھے۔
وزیراعظم شہباز شریف کا سابق صدر آصف زرداری کی والدہ کی وفات پر اظہار تعزیت کا اظہار کیا اور کہا اللہ تعالیٰ مرحومہ کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور اہل خانہ کو صبر جمیل دے۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے بھی سابق صدر آصف علی زرداری کی والدہ کی وفات پر اظہار افسوس کیا اور مرحومہ کی بلندی درجات اور مغفرت کے لیے دعاکی۔
وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف، وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو اور چئیرمین سینیٹ صادق سنجرانی سمیت چودھری شجاعت حسین، چودھری پرویزالٰہی نے سابق صدر آصف علی زرداری کی والدہ کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔
چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور سروسز چیفس کا اظہار افسوس
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور سروسز چیفس نے آصف علی زرداری کی والدہ کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا ہے کہ اللہ تعالیٰ سوگوار خاندان کو یہ ناقابل تلافی نقصان برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے اور اللہ تعالیٰ مرحومہ کی مغفرت فرمائے، آمین!۔