آئی ایم ایف کیساتھ معاہدے میں پیش رفت، میمورنڈم آف اکنامک پالیسی کا مسودہ موصول

Published On 28 June,2022 10:25 am

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان قرض معاہدے میں اہم پیش رفت ہوئی ہے ۔ پاکستان کو آئی ایم ایف کی جانب سے میمورنڈم آف اکنامک اینڈ فنانشل پالیسی کا مسودہ موصول ہوگیا ہے۔

آئی ایم ایف کی جانب سے قرض پروگرام کی بحالی کا معاملہ، وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے ٹویٹر پیغام میں کہا ہے کہ عالمی مالیاتی ادارے سے میمورنڈم آف اکنامکس اینڈ فنانشل پالیسی کا مسودہ موصول ہو گیا ہے جس کے بعد پاکستان ساتویں اور آٹھویں جائزے کو اکٹھا کر سکے گا۔

 ذرائع کے مطابق اب امید ہے کہ پاکستان کو جولائی کے شروع میں آئی ایم ایف سے نئی قسط مل جائے گی۔ پاکستان آئی ایم ایف کے ساتھ موجودہ پروگرام 8 ارب ڈالر تک بڑھانے اور آئندہ سال تک توسیع کیلئے کوششیں کر رہا ہے۔

دوسری جانب کہا جا رہا ہے کہ مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف مفتاح اسماعیل کی کارکردگی سے خوش نہیں، اس لئے ن لیگی قیادت نے سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو پاکستان بھجوانے کی منظوری دیدی ہے۔ وزیر داخلہ رانا ثنا بھی اس حوالے سے بیان دے چکے ہیں کہ اسحاق ڈار جب چاہیں پاکستان آ سکتے ہیں صرف یہی نہیں بلکہ جس عہدے پر چاہیں کام کر سکتے ہیں۔

 

 

Advertisement