اسلام آباد:(دنیا نیوز) وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے ہمیشہ کہا ہے کہ ہم ایک وقت میں آئی ایم ایف پروگرام اور ایندھن کی سبسڈی نہیں رکھ سکتے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے مفتاح اسماعیل نے کہا کہ ایندھن کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ تیل کی بین الاقوامی قیمتوں میں اضافہ، عمران خان کی اپنی حکومت کو بچانے کے لیے ہماری معیشت کو برباد کر کے دی گئی غیر فنڈڈ سبسڈی ہے۔
اس سے قبل وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ عالمی سطح پر مہنگائی کی وجہ سے ہے، پہلا بجٹ ہے جب امیروں پر ٹیکس اور غریبوں کو ریلیف دیا گیا۔
مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف سے مذاکرات کا اگلا دور آج اور کل رات کو ہوگا، آئی ایم ایف سے مذاکرات میں پیش رفت ہوگی۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ امید ہے آئی ایم ایف سے مذاکرات نتیجہ خیز ہوں گے، جلد معاشی بحران پر قابو پالیں گے۔
اجلاس میں وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے سیاسی بنیادوں پر تقرر و تبادلوں کی مخالفت کرتے ہوئےکہا کہ ہم کچھ عرصے کےلیے آئے ہیں ہمیں کام کرنا چاہیے،ہمیں سیاسی بنیادوں پر لوگوں کو خوش کرنے کی ضرورت نہیں۔