کوئٹہ میں طوفانی بارشیں، چھتیں، دیواریں گرنے سے 3 خواتین سمیت 6 جاں بحق

Published On 04 July,2022 11:20 pm

کوئٹہ: (دنیا نیوز) بلوچستان بھر میں بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، کوئٹہ میں چھتیں گرنے اور دیواریں منہدم ہونے کے مختلف واقعات میں 3 خواتین سمیت 6 افراد جاں بحق اور 20 زخمی ہوئے۔ مشرقی بائی پاس کے علاقے میں ڈیم کے قریب دو پچیاں برساتی پانی میں بہہ گئیں۔

تفصیلات کے مطابق کوئٹہ سمیت بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں طوفانی بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے، نواحی علاقوں میں درجنوں کچے مکانات کو نقصان پہنچا۔

کوئٹہ کے علاقے سریاب میں چھت گرنے اور دیواریں منہدم ہونے کے مختلف واقعات میں 3 خواتین سمیت 6 افراد جاں بحق ہوئے، مشرقی بائی پاس کے علاقے میں ڈیم کے قریب دو پچیاں برساتی پانی میں بہہ گئیں جن کی تلاش جاری ہے،، شہر کے مختلف علاقوں میں 20 افراد زخمی بھی ہوئے۔

کوئٹہ میں ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو ٹیموں کی جانب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کاروائیاں جاری ہیں۔

کیسکو حکام کا کہنا ہے کہ شہر میں بجلی مرحلہ وار بحال کی جا رہی ہے جبکہ شہر کا بڑا حصہ صبح سے بجلی سے محروم ہے۔

مشیر داخلہ بلوچستان

اُدھر مشیر داخلہ و پی ڈی ایم اے میرضیا لانگو نے حالیہ بارشوں سے پیدا ہونیوالی صورتحال پر کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں مون سون کی بارشیں گزشتہ روز سے شروع ہوچکی ہیں، بارشوں سےاب تک کوئٹہ میں 6 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ضرورت کے مطابق پی ڈی ایم اے کی جانب سے بارشوں سے متاثر ہونیوالے اضلاع میں امدادی سامان بھجوایا جا رہا ہے۔

مشیر داخلہ کا کہنا تھا کہ بارشوں کے بعد حکومت بلوچستان، پی ڈی ایم اے اور تمام متعلقہ ادارے الرٹ ہیں جہاں جس چیز کی ضرورت ہوگی وہاں پہنچائی جائے گی،، ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے بلوچستان کے تمام ڈویژنل اور ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر میں پی ڈی ایم اے کے آفس بنائے جائیں گے۔

محکمہ موسمیات 

محکمہ موسمیات کے مطابق بحیرہ عرب اور خلیج بنگال سے مرطوب ہوائیں داخل ہونے کے نتیجے میں ملک میں گزشتہ کئی دنوں سے مون سون کی بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔

پیر کو سندھ، کشمیر اور بلوچستان سمیت ملک کے مختلف حصوں میں بارشیں ہوئیں۔ سب سے زیادہ بارش بالا کوٹ میں40 ملی میٹر ہوئی۔ سرجانی کراچیاور سکھر میں 23 جبکہ جیکب آباد میں 19ملی میٹر بارش ہوئی۔ بلوچستان میں سب سے زیادہ بارش لسبیلہ میں 33 ملی میٹر، جبکہ کوئٹہ اور پنجگور میں 22 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ دو دنوں تک بلوچستان، پنجاب، سندھ اور کشمیر میں بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔

Advertisement