اسلام آباد: (دنیا نیوز) ملک میں کورونا کے بڑھتے کیسز کے باعث این سی او سی نے عید الاضحٰی کے لیے گائیڈ لائنز جاری کر دی ہیں۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے کہا ہے کہ عید الاضحٰی کی نماز کھلی جگہوں پر ادا کی جائے، اجتماعات مسجد کے بجائے کھلے میدانوں میں منعقد کیے جائیں۔
این سی اوسی کے مطابق کورونا سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر اپنا ضروری ہیں، نماز عید کے اجتماع ایک ہی جگہ پر رکھنے کے بجائے دو یا تین جگہوں پرکیے جائیں۔
این سی اوسی نے علماء اکرام سے سینیٹائزر کے استعمال کی تلقین کرنے اور نماز عید کا خطبہ مختصر رکھنے کی ہدایت کی ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے کہا ہے کہ کورونا، بخار وغیرہ کی علامات کے ساتھ لوگ اجتماع میں شرکت نہ کریں۔
بغیر ماسک مویشی منڈیوں میں داخلے پر پابندی
دوسری جانب محکمہ صحت پنجاب کی جانب سے بغیر ماسک مویشی منڈیوں میں داخلے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
سیکرٹری صحت پنجاب نے کہا ہے کہ مویشی منڈیوں میں داخلے کے لئے ماسک پہننا لازم ہے، مویشی منڈیوں کی انتظامیہ بیوپاریوں اور خریداروں کے لیے ماسک کا استعمال اور سینیٹائزر کی فراہمی یقینی بنائیں۔
علی جان خان کی جانب سے کہا گیا ہے کہ تمام شہری عوامی مقامات، دفاتر، پبلک ٹرانسپورٹ پر ماسک پہننے کے پابند ہوں گے، عوام الناس سے درخواست ہے کہ عید الاضحی کے موقع پر سماجی فاصلے اور ماسک کے استعمال کو یقینی بنائیں۔