اسلام آباد : (دنیا نیوز) وزارت صحت نے کورونا کے کیسز میں اضافے کے پیش نظر نئے ایس او پیز جاری کردیے ہیں جس میں کہا گیا ہے کہ دفاتر سمیت ہرجگہ بیٹھنے کے دوران سماجی فاصلہ رکھا جائے۔
ترجمان وزارت صحت کے مطابق این سی او سی نے سرکاری دفاتر کے لیے کورونا ایس او پیز جاری کیے ہیں جس کے تحت عبادت اور نمازوں کے دوران بھی سماجی فاصلہ یقینی بنایا جائے جب کہ دفاتر کے داخلی راستوں اور واش رومز میں ہینڈ سینیٹائزرز کی موجودگی یقینی بنائی جائے۔
وزارت صحت نے کہا کہ تمام دفاتر اور عمارتوں کے داخلی راستوں پرلوگوں کا ٹمپریچر چیک کیا جائے، کورونا کی علامات رکھنے والوں کو دفاتر اور عمارتوں میں داخل نہ ہونے دیاجائے جب کہ نزلہ، زکام اور سانس لینے میں مشکل کی صورت میں کورونا کی تشخیص کےلیے پی سی آر یا اینٹی جن ٹیسٹ کروائے جائیں۔
ترجمان وزارت صحت کا مزید کہنا تھا کہ این سی اوسی کی طرف سے کورونا سے بچاؤ کے طریقہ کارپرسختی سے عملدرآمد کی ہدایت کی گئی ہے۔
وزارت صحت نے ہدایت کی ہے کہ ماسک کا استعمال یقینی بنائیں، ہاتھ ملانے سے گریز کیا جائے، و یکسین یا بوسٹر شاٹ لگوانے کو یقینی بنایا جائے۔