عید الاضحٰی پر مویشی منڈیوں، شادیوں میں ماسک کا استعمال یقینی بنایا جائے:وزیراعظم

Published On 29 June,2022 05:58 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے رش والے مقامات پر کورونا وائرس سے بچائو کے لئے احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مکمل ویکسی نیشن، بوسٹر ڈوز، ماسک، سینیٹائزر کا استعمال اور سماجی فاصلے کا خیال رکھا جائے،عید الاضحٰی پر مویشی منڈیوں، شادیوں اور نجی محافل میں ماسک اور سینیٹائزر کا استعمال یقینی بنایا جائے،کووِڈ ۔19سے اپنے پیاروں کے بچائو کیلئے ہم سب کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہو گا ۔ چیف سیکرٹریز صوبوں میں ایس او پیز پر عملدرآمد کرائیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کورونا کی صورتحال سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں وفاقی وزرا عبدالقادر پٹیل، رانا ثنا اللہ، شیری رحمان، چیئرمین این ڈی ایم اے سیکٹری اطلاعات ، سیکٹری نیشنل ہیلتھ سروسز اور متعلقہ اعلی افسران نے شرکت کی ۔

اجلاس میں چاروں صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے چیف سیکر یٹریز وڈیو لنک کے ذریعے شرٍیک ہوئے ۔اجلاس کو پاکستان سمیت عالمی سطح پر اس وقت کووڈ ۔19 کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی طور پر آگاہ کیا گیا۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ دنیا بھر میں کووڈ کے کیسز کی تعداد میں مجموعی طور پر کمی کا رجحان ہے۔ گزشتہ اومیکرون کی لہر کے بعد اومیکرون کا نیا ویریئنٹ حال ہی میں پاکستان میں کووڈ ۔19کیسز میں اضافے کا باعث بن رہا ہے جس کی وجہ سے 28 جون کوکورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی شرح 3 فیصد سے متجاوز ہوگئی ۔نئے ویریئنٹ میں ہسپتالوں میں داخلے کی شرح کووڈ ۔19 کی پہلی تمام لہروں سے کم ریکارڈ کی گئی ہے۔

اجلاس کو ملک میں ویکسی نیشن کی موجودہ صورتحال پر بھی آگاہ کیا گیا۔ ملک کی اس وقت 12 سال سے زائد 86 فیصد آبادی مکمل طور پر ویکسینیٹڈ ہے جبکہ 93 فیصد کو کم از کم ایک ڈوز لگ چکی ہے۔ پاکستان میں اس وقت ویکیسی نیشن لگانے کی استعداد 2 لاکھ یومیہ سے ذیادہ ہے۔

اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ سندھ میں اس وقت تک پوری آبادی کو مکمل طور ویکسینیٹ کر لیا گیا ہے۔ جبکہ پنجاب اور دیگر صوبوں میں بھی ویکسی نیشنن کا عمل تیزی سے تکمیل کہ جانب گامزن ہے۔ اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ بارڈر پر بیرونِ ملک آمدو رفت کی بھی کڑی نگرانی کیلئے اقدامات اور فاسٹ ٹریک ایپ کو صارفین کیلئے آسان اور بہتر بنایا جا رہا ہے۔

وزیرِ اعظم نے متعلقہ حکام کو نہ صرف کووڈ۔19 ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنانے بلکہ اس حوالے سے عوامی آگاہی بڑھانے کی بھی ہدایت کی ۔

شہباز شریف نے کہاکہ تمام اداروں بالخصوص این سی او سی کی کووڈ ۔19 کے دوران خدمات قابلِ تحسین ہیں،فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز، ڈاکٹرز، رضاکاروں کی کووڈ۔19 کے دوران خدمات پر خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں۔ کووڈ۔19 سے بچائو کے لئے خدمات کی انجام دہی کے دوران شہید ہونے والے ہیلتھ ورکرز نے قوم کے تحفظ کیلئے قربانیاں دی ہیں۔

تحریک پاکستان کے جذبے سے تعمیر پاکستان کی تحریک شروع کرنے کی ضرورت ہے

وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ ملک کو جدید، ترقی یافتہ اسلامی فلاحی مملکت بنانے کے لئے تحریک پاکستان کے جذبے سے تعمیر پاکستان کی تحریک شروع کرنے کی ضرورت ہے ، ہمارا پیارا پاکستان 75سال کا ہونے جارہا ہے ،ملک کو معاشی طور پر خودانحصار بنانے کے لئے پرعزم ہیں ، میثاق معیشت کی منزل قومی ڈائیلاگ کے ذریعے حاصل کریں گے ۔

بدھ کو ٹویٹ میں وزیراعظم نے کہا کہ برصغیر کے مسلمانوں کا ارمان ہمارا پیارا پاکستان 75سال کا ہونے جا رہا ہے، آزادی کی نعمت پر ہم اللہ سبحانہ و تعالی کے حضور سجدہ شکر بجا لاتے ہیں۔قائد اعظم اور علامہ اقبال سمیت مشاہیر پاکستان کو سلام جن کی بے مثال سیاسی، جمہوری اور قانونی جدوجہد کے نتیجے میں آج دنیامیں ہماری شناخت ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈائمنڈ جوبلی کی خوشی پر “عزم عالی شان، شاد رہے پاکستان” کے خوبصورت عنوان سے خصوصی ‘لوگو’ جاری کرنا قابل ستائش ہے۔مقصد پر ‘یقین’، اس کے حصول کے لئے ‘نظم وضبط’ کے ساتھ جہد مسلسل اور اتحاد کا جذبہ کار فرما ہو تو ہر نصب العین حاصل کرسکتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ آج ہم نے پاکستان کو معاشی طور پر خودانحصار بنانے کا عزم کیا ہے۔ میثاق معیشت کی منزل نیشنل ڈائلاگ کے راستے پر چلتے ہوئے حاصل کریں گے تاکہ ہم کسی کے دست نگر نہ رہیں، ہمارے بچے اور نوجوان تعلیم یافتہ اور باشعور ہوں کیونکہ تعلیم سے ہی انفرادی اور اجتماعی تبدیلی لاسکتے ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ نوجوان تحریک پاکستان کے جذبے سے تعمیر پاکستان کی تحریک شروع کریں تاکہ ہم پاکستان کو جدید، ترقی یافتہ، معاشی طور پر خود انحصار، اسلامی فلاحی مملکت بنائیں۔

Advertisement