اسلام آباد:(دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کو سود کے متعلق عدالتی فیصلے کے خلاف نیشنل بینک کی اپیل واپس لینے کی یقین دہانی کرادی ہے۔
جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمان کی وزیراعظم سے ملاقات ہوئی، ملاقات میں انہوں نے سود کے متعلق عدالتی فیصلے کے خلاف نیشنل بینک کی اپیل کے حوالے سے شہباز شریف کو اپنے تحفظات سے آگاہ کیا۔
مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ عدالتی فیصلوں کے خلاف بینکوں کی اپیل سے امت مسلمہ کے دل رنجیدہ ہوئے ہیں، امت مسلمہ سود کو ملک میں معاشی نظام کے تباہی کا سبب سمجھتی ہے۔
وزیر اعظم نے مولانا فضل الرحمن کو یقین دہانی کروائی کہ نیشنل بینک عدالتی فیصلے کے خلاف اپیل واپس لے گی جبکہ شہباز شریف نے ٹاسک فورس کو حکم دیا کہ نیشنل بینک کی اپیل واپس لینے کے حوالے سے فوری اقدامات کئے جائیں۔