اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت نے پٹرول، ڈیزل، بجلی اور آٹا سب مہنگا کردیا، تاریخ میں اتنی مہنگائی نہیں ہوئی جتنی ان دوماہ میں ہوئی، مہنگائی میں مزید اضافہ ہوگا۔
چیئر مین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے پی ٹی آئی ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ تاریخ میں اتنی مہنگائی نہیں ہوئی جتنی ان دوماہ میں ہوئی۔ ہم پربھی آئی ایم ایف کا پریشرتھا لیکن اڑھائی سال مہنگائی روکی۔ ہمارے احتجاج میں فیملیز شریک ہوتی ہیں، بچے بھی آتے ہیں، لانگ مارچ کے دوران پولیس نے مظاہرین پرشیلنگ کی، پولیس کوخوف تھا نوکری نہ چلی جائے، شیلنگ کا آرڈر اوپر سے دیا گیا تھا۔
سابق وزیراعظم نے مزید کہا کہ عوام ہمارے لیے نہیں اپنے مستقبل کیلئے نکلے، ظلم اور ناانصافی کے خلاف جہاد کرو، سر نہ جھکاؤ، ڈیزل آج کل باہر گیا ہوا ہے، مشکل وقت آنے پرڈیزل عمرہ کرنے چلا جاتا ہے۔
عمران خان نے کہا کہ اکنامک سروے کہتا ہے17سال میں بہترین کارکردگی ہماری تھی، اکنامک سروے موجودہ حکومت نے جاری کیا، ریکارڈ ٹیکس وصولی اورریکارڈ برآمدات ہمارے دورمیں تھیں۔ ترقی کی شرح6فیصد پر تھی، صنعتیں ترقی کررہی تھیں، آئی ایم ایف کے پاؤں پکڑے ہوئے ہیں خدا کے واسطے پیسے دے دو، آئی ایم ایف کو کہہ رہے ہیں جتنی مہنگائی بولو گے ہم کریں گے۔
عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت نے پٹرول، ڈیزل، بجلی اور آٹا سب مہنگا کردیا، تاریخ میں اتنی مہنگائی نہیں ہوئی جتنی ان دوماہ میں ہوئی، چوروں نے لوگوں پرمہنگائی کاعذاب ڈال دیا۔ مہنگائی میں مزید اضافہ ہوگا، ہم نے اپنے دورمیں 55 لاکھ نوکریاں دیں، امریکا ہمارے بھلے کیلئے نہیں اپنی غلامی کیلئے چوروں کو لایا۔
انہوں نے کہا کہ آج کل بیرونی طاقتوں سے حملہ کروانے کی ضرورت نہیں، ملک پر چوروں اور ڈاکوں کو مسلط کریں ملک تباہ ہو جاتا ہے، کرپٹ ترین لوگوں نے اپنے کیسز ختم کیے۔ کوئی چور اپنا احتساب نہیں کرسکتا، نیب قانون میں ترمیم کرکے1100ارب کے کیسز ختم کیے گئے، غداروں نے امریکا سے مل کر منتخب حکومت کو سازش سے ختم کیا۔
چیئر مین پاکستان تحریک انصاف نے کہا کہ 30 سال سے جو چوری کررہے تھے انکو ہم پر مسلط کیا گیا، کرائم منسٹر اور انکے بیٹوں پر24ارب کے نیب کیسز ہیں، حکومت میں آتے ہی مقصود چپڑاسی اور ایف آئی اے کے 3 لوگ مرگئے۔ اسلام آباد میں 2 جولائی کو تاریخی جلسہ کرنے جارہے ہیں، سب نے وعدہ کرنا ہے کہ گھر گھر جائیں گے، اسلام آباد کا کوئی علاقہ چھوڑنا نہیں ہے۔