اسلام آباد: (دنیا نیوز) ترجمان الیکشن کمیشن آف پاکستان نے تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی جانب سے الیکشن کمیشن اور چیف الیکشن کمشنر کے خلاف لگائے گئے بے بنیاد الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ادارہ کسی اشتعال میں آئے بغیر اپنے تمام فیصلے آئین اور قانون کے مطابق کرتا رہے گا اور کسی دبائو میں نہیں آئے گا ۔
ترجمان الیکشن کمیشن سے جاری وضاحتی بیان میں کہا گیا ہے کہ تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے آج الیکشن کمیشن اور چیف الیکشن کمشنر کے خلاف بے بنیاد الزامات لگائے ہیں جس کی پر زور مذمت کی جاتی ہے، غداری کے فتوے بانٹنے سے کوئی ادارہ غدار نہیں ہو جاتا ۔وضاحت کی جاتی ہے کہ الیکشن کمیشن کسی اشتعال میں آئے بغیر اپنے تمام فیصلے آئین اور قانون کے مطابق کرتا رہے گا اور کسی دبائو میں نہیں آئے گا۔
دوسری طرف الیکشن کمیشن نے ملتان میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر مسلم لیگ ن کے امیدوار سلیمان نعیم کو 45 ہزار روپے جرمانہ عائد کر دیا۔
ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر ملتان سلیم اختر نے کہا کہ سلیمان نعیم کو قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر جرمانہ کیا، مسلم لیگ ن کے امیدوار سلمان نعیم نے سرکاری آفس میں میٹنگ کو ہیڈ کیا تھا، سنٹرل کاٹن ریسرچ انسٹیٹیوٹ ملتان آفس مٹینگ میں سلمان نعیم نے شرکت کی۔