لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ مشکلات کا سامنا ہے مگر ہمیں آگے بڑھنا ہے۔ عوام کے سامنے حقائق رکھیں گے، سابق حکمرانوں نے پٹرول کی قیمتوں میں کمی کر کے عوام کو دھوکا دیا۔
لاہور میں ورکرز سے خطاب کرتے ہوئے حمزہ شہباز نے کہا کہ عالمی منڈی میں پٹرول کی قیمتوں میں کمی ہوئی ہے، جلد وزیراعظم قوم کو خوشخبری دیں گے۔ سترہ جولائی کو ضمنی انتخابات میں کامیابی حاصل کریں گے اور ملک ایک بار پھر ترقی کی راہ پر گامزہ کریں گے۔
دریں اثنا عید سے متعلق حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ بے سہاراویتیموں کو اپنی خوشیوں میں شریک کرنے اور مخلوق خدا کی خدمت سے ہی اللہ تعالٰی کی رضا حاصل ہوتی ہے۔ یہی وہ عظیم پیغام ہے جو عید کی اصل روح ہے۔ عید الاضحی پر صاحب حیثیت افراد کو اپنی خوشیوں میں نادار لوگوں کو شریک کرنا چاہیے ۔ آج کا دن اپنی ذات کی نفی، ذاتی انا او رمفادات کی قربانی دینے کا درس دیتا ہے۔ دکھی انسانیت کے دکھوں کا مداوا، مظلوموں کی مدد، خلق خدا کی بے لوث خدمت ہی اصل قربانی ہے۔ عید الاضحی پر ملک وقوم کے لیے قیمتی جانیں قربان کرنے والوں کو بھی یاد رکھا جائے ۔ عید پر عوام کی خدمت اور سہولت کے فرائض سر انجام دینے والے اہلکار قابل تحسین ہیں ۔
انہوں نے مزید کہا کہ عوام سےاپنے گلی محلے اور بازاروں کو صاف رکھنے کےلئے تعاون کی اپیل کرتا ہوں ۔ آج ہمیں دکھی انسانیت کی خدمت کو اپنی زندگی کا شعار بنانے کا عہد کرنا ہو گا۔ اللہ تعالٰی سے پاکستان کی سلامتی،خوشحالی،استحکام اور عوام کی مشکلات کم کرنے کیلئے دعا گو ہیں۔