کراچی: (دنیا نیوز) وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان بےساکھیوں کے سہارے آئے تھے اور اب ان کا کوئی مستقبل نہیں ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ عید الاضحی پرعوام کو مبارکباد دیتا ہوں اور سندھ کے ہر ضلع میں بارش کے انتظامات دیکھنے ایک وزیر انچارج مقرر کیا ہے۔ بارش کہیں کہیں زیادہ ہوئی ہے۔ ٹھٹھہ میں بارش کی وجہ سے ہلاکتیں ہوئیں جس پر افسوس ہے اور ٹھٹھہ واقعے کی انکوائری کر رہے ہیں۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ پنجاب میں انتخابات ہو رہے ہیں جہاں پر سخت مقابلہ چل رہا ہے اور سیاسی ماحول گرم ہے۔ الزامات پر الزامات لگائے جا رہے ہیں جبکہ فواد چودھری نے خود کہا ہم نے غلط کیا، اس پر کچھ ہونا تو چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان بے ساکھیوں کے سہارے آئے تھے لیکن اب ان کا کوئی مستقبل نہیں ہے۔ عمران خان نے ساڑھے 3 سال میں ملک و قوم کے لیے کیا کیا ؟ موجودہ حکومت مشکل فیصلے کر رہی ہے۔ عمران خان نے ملک کی عزت پوری دنیا میں تباہ کر کے رکھ دی اور وفاقی وزیر احسن اقبال کے ساتھ جو ہوا وہ انتہائی افسوسناک ہے۔ لوگوں کو انتشار کی طرف نہ لایا جائے۔