لاہور: (ویب ڈیسک) محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں ایک نیا مون سون سسٹم داخل ہو رہا ہے، اگلے کئی روز تک مزید موسلادھار بارشوں ہو سکتی ہیں جس کا دورانیہ ایک ہفتہ ہو گا۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ بارشوں کے نئے سلسلے کے دوران اب تک ہونے والی برسات سے زیادہ موسلا دھار بارشیں ہوں گی۔ 14 سے 17 جولائی کے درمیان کراچی، سکھر، جیکب آباد، سبی اور قلات کے علاوہ سندھ اور بلوچستان کے دیگر علاقوں اور ملک کے بالائی حصوں میں مختلف جگہوں پر بارشیں برسیں گی۔ بارشوں کے اس نئے سلسلے کے دوران کراچی میں 200 ملی میٹر تک بارش ہو سکتی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ آئندہ چند روز تک ملک میں کئی مقامات پر موسلا دھار بارش کا امکان ہے جن میں کراچی، کشمیر، بالائی خیبر پختونخوا، پوٹھوہار، دیر، گوجرانوالا، ٹھٹھہ، بدین اور مشرقی بلوچستان کے علاقے شامل ہیں۔