لاہور:(دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے عید پر صفائی کے انتظامات پر متعلقہ اداروں کو مبارکباد دیتے ہوئے سینٹری ورکرز کیلئے ایک بنیادی اضافی تنخواہ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان ملک میں انتشار کے خواہشمند ہیں، ہم جھوٹے وعدے نہیں کریں گے، ملکی مفادات کیلئے سیاسی مفادات کو داؤ پر لگا دیا، قربانی دینے والے عوام کو اب ریلیف ملے گا، کوئی ایک جماعت کایا نہیں پلٹ سکتی، سب کو مل کر کام کرنا ہوگا، ضمنی الیکشن میں تمام 20 نشستیں حاصل کریں گے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ 2 ماہ کابینہ کے بغیر گزارا کیا لیکن صوبے کو 200 ارب روپے کی سبسڈی دی، وسیم اکرم پلس کے نام پر اس صوبے کے ساتھ کھلواڑ کیا گیا، ہم عمران خان کی طرح انتقامی سیاست نہیں کریں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ پارٹی مجھے اجازت دیتی تو میں بھی مستعفی ہو کر مہم چلاتا، عمران خان نے پہلے 6 ماہ مانگے لیکن کچھ نہیں کیا، مجھے کسی کی شکل سے کوئی مسئلہ نہیں ہے، 2 مہینے کابینہ کے بغیر میں نے گزارا کیا، ہم نے اس صوبے کو سنوارنا ہے۔
حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ انتخابات وقت پر ہوں گے، 4 سال تک اس صوبے کے ساتھ کھلواڑ کیا گیا، یہ آج بغیر کسی ثبوت کے دھاندلی کا الزام لگا رہے ہیں، ڈسکہ میں انہوں نے جو کچھ کیا سب نے دیکھا، ہمارا اتحاد سیاسی نہیں، ملکی مفاد کیلئے ہے، ہم نے 200 ارب روپے کی سبسڈی دے کر آٹے کا تھیلا 160 روپے سستا کیا، ملکی تاریخ میں پہلی بار مفت بجلی دینے کا اعلان کیا۔
حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ ابھی فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ آنا ہے، عمران خان نے 50 لاکھ گھروں کا وعدہ کر کے لوگوں کو بے روز گار کیا، ہم عمران خان کی طرح انتقامی سیاست نہیں کریں گے، 17 جولائی کو ہمارے اتحاد کو عوام میں پذیرائی حاصل ہو گی، ہم 20 نشستوں پر کامیابی حاصل کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں سستی ہوئی ہیں، عوام کو یہ ریلیف ملنا چاہیے، ہم صوبے کے عوام اور اللہ کو جوابدہ ہیں، میں عمران خان کی باتوں کا جواب ان کی زبان میں نہیں دے سکتا۔