17 جولائی کو لوٹوں کو ہمیشہ کیلئے دفن کردیں گے: عمران خان

Published On 13 July,2022 07:34 pm

جھنگ:(دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے پنجاب کے ضمنی الیکشن میں چیف الیکشن کمشنر پر جانبداری کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی سازش کے تحت منتخب حکومت گرانے والے غدار، حقیقی آزادی کی جنگ میں قوم ہمارے ساتھ کھڑی ہے، اب دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوگا، 17 جولائی کو لوٹوں کو ہمیشہ کیلئے دفن کردیں گے، دھاندلی کی کوشش کے باوجود مخالفین کو شکست دیں گے، 17 جولائی کا الیکشن ملک کے مستقبل کا فیصلہ کرے گا۔

اٹھارہ ہزاری میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ موسم کی خرابی کے باعث پہچنے میں تاخیر ہوئی جس پر معذرت چاہتا ہوں، یہاں اس لیے آیا ہوں کیونکہ ہمارا نمائندہ لوٹا ہوگیا ہے، بچے بھی جان چکے ہیں کہ لوٹا کون ہوتا ہے، لوٹا وہ ہوتا ہے جو اپنے ضمیر کا سودا کرتا ہے، پاکستان کے عوام غیرت مند ہیں، لوٹا صرف وہ نہیں جو غسل خانے میں استعمال ہوتا ہے، ضمیر کا سودا کرنے والا بھی لوٹا ہوتا ہے۔

سابق وزیراعظم نے مزید کہا کہ ہم کبھی کسی کے سامنے نہیں جھکتے اور نہ ضمیر کا سودا کرتے ہیں، ہمارا ملک عظیم ملک نہیں بن سکا، ہم سچ اور حق پر کھڑے ہوتے ہیں، لوٹے وہ لوگ ہیں جو پیسے لے کر عوام کے ووٹ بیچتے ہیں، یہ وہ لوگ ہیں جو پاکستان کے آئین کے خلاف جاتے ہیں، لوٹے ملک کے ساتھ غداری کرتے ہیں، سازش کے ذریعے منتخب حکومت گرائی گئی۔

پی ٹی آئی چیئرمین کا کہنا تھا کہ 17 جولائی کا الیکشن ملک کے مستقبل کا فیصلہ کرے گا، ہم نے الیکشن جیت کر ملک کو امریکا کےغلاموں سے بچانا ہے، یہ لوگ خواتین کے پولنگ اسٹیشنز پر دھاندلی کرتے ہیں، ہم اپنے پولنگ ایجنٹس کو بتا رہے ہیں کہ یہ کن طریقوں سے دھاندلی کرتے ہیں، سارا وقت اس پر لگ رہا ہے کہ دھاندلی کیسے روکی جائے۔

عمران خان نے کہا کہ نواز شریف نے زندگی میں کوئی چیز ایمانداری سے نہیں کی، نواز شریف کرکٹ میں بھی اپنے امپائر کھڑے کرتا تھا، نواز شریف نے اقتدار میں آکر کرپشن کی، نواز شریف نے اقتدار میں آکر 18 فیکڑیاں بنائیں، ہمارا مقابلہ شریف خاندان، لوٹوں اور الیکشن کمیشن سے ہے، چیف الیکشن کمشنر خفیہ طور پر حمزہ اور مریم سے ملتا رہا ہے، لاہور میں مسٹر ایکس بیٹھا ہوا ہے، مسٹر ایکس نے مسٹر وائے کو ملتان بھجوایا ہوا ہے، ہم  نے ان کے امپائروں کے باوجود یہ میچ جیتنا ہے۔ 

 انہوں نے کہا کہ ای وی ایم آنے سے دھاندلی کا نظام ختم ہوجانا تھا، دو خاندان 35 سال سے پاکستان پر مسلط ہیں، دونوں خاندانوں نے ہر جگہ جعلی ووٹ بنوائے ہوئے ہیں، چیف الیکشن کمشنر اور ان دونوں خاندانوں نے ای وی ایم کی مخالفت کی، مسٹر ایکس اور وائے کو حکم ملا ہے کہ چوروں کو جتوانا ہے، اتوار کو جب نتیجہ آئے گا میں آپ کے پاس جشن منانے آؤں گا، ہم نے ان کو ایسا پھینٹا لگانا ہے کہ یہ یاد رکھیں گے، سندھ بلدیاتی الیکشن پر چیف الیکشن کمشنر کو مستعفی ہونا چاہیے تھا، سندھ بلدیاتی الیکشن میں 15 فیصد سیٹوں پر بلا مقابلہ امیدوار منتخب ہوئے۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ نے کہا سینیٹ الیکشن میں اوپن ووٹ ہونا چاہیے، سینیٹ میں ہارس ٹریڈنگ ہوتی ہے، سینیٹ الیکشن میں کروڑوں روپے چلے، یوسف رضا گیلانی کا بیٹا پکڑا گیا، جب یہاں آرہا تھا تو سزا یافتہ کی تصویر نظر آئی، سزایافتہ کے ساتھ بھگوڑے کی بھی تصویر دیکھی، حمزہ ککڑی غیر آئینی وزیراعلیٰ ہے، باپ بیٹوں پر 16 ارب کے کرپشن کیسز ہیں، میرجعفروں اور میرصادقوں نے چوروں کو ہم پر مسلط کیا، انہوں نے آتے ہی 1100 ارب روپے نیب قوانین کی ترمیم سے معاف کرا لیا۔

عمران خان نے کہا کہ برطانیہ میں کوئی تصور نہیں کرسکتا کہ سزایافتہ خاتون کی تصویر لگی ہو، مغربی ممالک میں طاقتور ڈاکوؤں کو جیلوں میں ڈالا جاتا ہے، ڈاکو ہمارے اوپر مزید مسلط رہ گئے تو اور تباہی مچائیں گے، یہ الیکشن نہیں حقیقی آزادی کیلئے جہاد ہے، سری لنکا کی طرح سندھ میں بھی ایک خاندان بادشاہ بنا ہوا ہے، سری لنکا کا حکمران خاندان بھی پیسہ چوری کر کے باہر بھیج رہا تھا، حکمران چوری کر کے ارب پتی بن گئے اور سری لنکا کا دیوالیہ نکل گیا، شہباز شریف 50 ارب کے اشہتاروں پر اپنی کارکردگی دکھاتا تھا۔

 جھنگ سٹی میں پی ٹی آئی کے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ کسی جلسے میں اتنی بڑی تعداد میں خواتین کو نہیں دیکھا، ملک تبدیل ہو رہا ہے اور آزاد ہو رہا ہے، امریکی سازش کے تحت یہاں کے میر جعفر، میر صادق نے لوٹوں کو خرید کر ہماری حکومت گرائی، یہ چور 30 سال سے ملک کو لوٹ رہے ہیں، زرداری اور شریف خاندان ملک کو لوٹ رہے ہیں، ڈیزل ان کے ساتھ ملا ہوا ہے، یہ قوم کو بھیڑ بکریاں سمجھتے ہیں، پاکستان کو ٹشو پیپر کی طرح استعمال کیا گیا، امریکا کی جنگ میں 80 ہزار لوگوں نے قربانیاں دیں، 35 لاکھ لوگوں نے نقل مکانی کی۔

پی ٹی آئی چیئرمین کا کہنا تھا کہ جس کے لیے ہم جنگ لڑ رہے تھے انہوں نے ہم پر 400 ڈرون حملے کیے، امریکا ملک میں غلام چاہتے ہیں، زرداری اور نواز شریف نے ڈرون حملوں کی مذمت نہیں کی، ہمارا ایک دہشت گرد لندن میں 30 سال سے بیٹھا ہوا ہے، اس نے ہزاروں پاکستانیوں کو قتل کروایا اور کراچی کو تباہ کیا، کیا برطانیہ ہمیں اجازت دے گا کہ ڈرون حملہ کر کے مار دیں، برطانیہ ہمیں کہے گا عدالت جائیں اور ثابت کریں۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ زرداری اور نواز شریف اس لیے نہیں بول سکتے کیونکہ ان کے اربوں روپے بیرون ملک پڑے ہیں، ان کو اپنے پیسے ضبط ہونے کا ڈر تھا، شہباز شریف قوم تو 75 سال سے محنت کر رہی ہے، اوورسیز پاکستانیوں کے ڈالرز سے ملک چلتا ہے، چوری تم کر رہے ہو تمہارے بچے چوری کر رہے ہیں، یہ خوددار اور غیرت مند قوم ہے۔

انہوں نے کہا کہ سب تیاری کرلیں ہم نے 17 جولائی کو ان کو شکست دینی ہے، یہ الیکشن نہیں حقیقی آزادی کیلئے جہاد ہے، یہ نوجوانوں کی مستقبل کی جنگ ہے، یہ دھاندلی سے الیکشن جیتنا چاہتے ہیں، انہوں نے کبھی ایمانداری سے کوئی کام نہیں کیا، سب نے پہرہ دینا ہے انہوں نے خواتین کے پولنگ اسٹیشنز پر دھاندلی کرنی ہے، ہمیں پتہ ہے الیکشن کمیشن ان کے ساتھ ملا ہوا ہے، مسٹر ایکس کو حکم ملا ہوا ہے کہ چوروں کو الیکشن جتوانا ہے، ان امپائروں کے باجود ہم نے الیکشن جیتنا ہے، مسٹر وائے ملتان بیٹھا ہوا ہے، یہاں کے لوٹے کو ہم نے کرپشن پر وزارت سے ہٹایا تھا، لوٹے اپنے ضمیرکا سودا کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سزایافتہ خاتون جو ضمانت پر ہے اسے وزیراعظم کا پروٹوکول دیا جا رہا ہے، مولانا رومی نے کہا تھا جب کوئی قوم اچھے اور برے میں فرق کرنا چھوڑ دے وہ مر جاتی ہے، ان چوروں نے آتے ساتھ 1100 ارب روپے نیب قوانین میں ترمیم کر کے معاف کرا لیا، جن کو جیلوں میں ہونا چاہیے وہ اسمبلیوں میں بیٹھے ہیں، شہباز شریف کو جیل میں ہونا چاہیے تھا، سازش کے تحت ان کو اقتدار دیا گیا، باپ، بیٹے کے خلاف 16 ارب کے کرپشن کیسز تھے جس میں یہ بچ ہی نہیں سکتے تھے، جو ملک کو لوٹتے ہیں ان کو بڑےعہدوں پر بٹھا دیتے ہیں، ملک ایسے کیسے ترقی کرسکتا ہے، چھوٹے چوروں کو جیل میں ڈال دیا جاتا ہے، یہ مسٹر ایکس اور مسٹر وائے کو ملا کر الیکشن جیتنا چاہتے ہیں، لوٹوں میں ایک چیز مشترک ہوتی وہ سارے ضمیر فروش ہوتے ہیں، پہلے مشرف نے ان کو این آراو دیا، اب پھر انہیں چھوٹ دے دی گئی ہے۔
 

Advertisement