تحریک انصاف 15 نشستیں جیت رہی ہے: عمران خان کا دعویٰ

Published On 17 July,2022 07:39 pm

لاہور:(ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے دعویٰ کیا ہے کہ جو نتائج آرہے ہیں ان کی روشنی میں تحریک انصاف کم از کم 15 نشستیں جیت رہی ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے عمران خان نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ جو نتائج آرہے ہیں ان کی روشنی میں تحریک انصاف کم از کم 15 نشستیں جیت رہی ہے، مگر تمام پولنگ سٹیشنز پر ذمہ داریوں پر مامور ہمارے سب لوگوں کیلئے نہایت اہم ہے کہ ریٹرننگ افسران سے سرکاری نتائج کے حصول تک اپنی جگہ بالکل نہ چھوڑیں۔

اس سے قبل ایک ٹوئٹ میں انہوں نے لکھا تھا کہ پنجاب حکومت نے آج کے انتخاب میں پی ٹی آئی رہنماؤں کی پکڑ دھکڑ کے ذریعے عوام کو ہراساں کر کے اور ووٹوں پر غیر قانونی ٹھپوں سے دھاندلی کیلئے پوری سرکاری / ریاستی مشینری کے کھلے استعمال کے ذریعے نہایت ڈھٹائی سے سپریم کورٹ کے احکامات اور انتخابی قواعد پامال کئے ہیں، الیکشن کمیشن اس پر آنکھیں بند کئے رہا،عدالتیں اب کھلیں اور کارروائی کریں۔

 شہبازگل کی غیرقانونی گرفتاری کی شدید مذمت کرتاہوں: عمران خان

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ شہبازگل کی غیرقانونی گرفتاری کی شدید مذمت کرتاہوں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک بیان میں انہوں نے لکھا کہ محض عوام کوخوفزدہ کرنےاورانتخاب میں دھاندلی کےپیشِ نظرشہبازگل کی غیرقانونی گرفتاری کی شدید مذمت کرتاہوں۔یہ فسطائی حربےمؤثرثابت ہوں گے نہ ہی ہمارےلوگ اپنا حقِ رائےدہی استعمال کرنےسےبازآئیں گے۔

سابق وزیراعظم نے لکھا کہ امپورٹڈ حکومت کےسرپرستوں کو اس نقصان کااحساس ہوناچاہئیے جو وہ ہماری قوم کو پہنچا رہے ہیں۔

اس سے قبل عمران خان نے ٹویٹر پر لکھا کہ حقیقی آزادی کی خاطر لوگ خصوصاً خواتین ووٹ ڈالنے کے لیے گھروں سے نکلیں۔ مجھے اپنے ووٹرز کو دیکھ کر خوشی محسوس ہورہی ہے، جو ہراساں کرنے کی (حکومتی) کوششوں کی مزاحمت اور تمام دباؤ کا مقابلہ کرتے ہوئے بڑی تعداد میں ووٹ ڈالنے کے لیے نکلے ہیں۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ میری خواہش ہے تمام لوگ، خصوصاً خواتین، جو ابھی اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے کے لیے گھروں سے نکلیں گی، ضرور نکلیں کیوں کہ یہ پاکستان کی خودمختاری اور حقیقی آزادی کا انتخاب ہے۔

 

Advertisement