بائیس جولائی کو پنجاب میں پی ٹی آئی کی حکومت ہو گی، فواد چودھری کا دعوی

Published On 19 July,2022 12:47 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) رہنما تحریک انصاف فواد چودھری نے کہا ہے کہ 22 جولائی کو پنجاب میں پی ٹی آئی کی حکومت ہو گی، 23 جولائی کو رانا ثنا اللہ اور عطا تارڑ کے پنجاب داخلے پر پابندی لگا سکتے ہیں۔ وزارت اعلیٰ کیلئےپرویزالہیٰ کی نامزدگی کردی ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ زرداری صاحب کو بھی پتہ ہے اب ن لیگ کی حکومت نہیں چل سکتی، شہباز حکومت اب وینٹی لیٹر پر ہے۔ پنجاب میں حمزہ شہباز کو خود ہی مستعفی ہو جانا چاہئے۔ آصف زرداری کبھی بھٹو کیساتھ کھڑے نہیں ہوئے، ن لیگ کیساتھ کیا ہوں گے۔ وہ چاہتے ہیں سندھ میں ان کی حکومت رہنی چاہیے۔

 انہوں نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر کے پاس صرف چند دن ہیں، چیف الیکشن کمشنر فیصلہ کر لیں خود جائیں گے یا ہم بھیجیں، سیاسی جماعتوں کو خود ہی مل بیٹھ کر نیا الیکشن کمیشن بنانا چاہیے۔ شہبازشریف اور آصف زرداری نے اپنا سیاسی نقصان کیا، انہوں نے نیب کو ختم کرنے کی بھونڈی سازش کی۔شہباز شریف کو مشورہ ہے کہ رانا ثنا جیسے لوگوں سے دور رہیں، راناثنا اور عطا تارڑ جیسے لوگوں کی گرفتاری کا آرڈر جاری ہو سکتا ہے۔  5 ایم پی ایز کےغائب ہونے کے بیان کا نوٹس لیا جانا چاہیے۔ حکومت کے 5 سے زائد ایم این ایز ہم  سے رابطے میں ہیں،، جب چاہیں آپ کو گھر بھیج سکتے ہیں۔

فواد چودھری کا مزید کہنا تھا کہ اگر پہلے ہی انتخابات کی طرف چلے جاتے تو آج معاشی استحکام ہوتا، جب سے آئی ایم ایف سے معاہدہ ہوا ڈالر 10 روپے مہنگا ہو چکا ہے۔

 

Advertisement