لاہور: (دنیا نیوز) مرکزی رہنما تحریک انصاف فواد چوہدری نے کہا ہے کہ نون لیگ کی حکمت عملی اسے ملکی سیاست سے مکمل باہر کر دے گی لیکن اداروں کو نقصان ہو گا۔
فواد چوہدری نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ ادارے اس گرداب میں اپنی قیادت کی غلطیوں سے پھنسے ہیں، اپنی حدود میں رہتے تو ایسا کچھ نہ ہوتا لیکن بہرحال اب اداروں کو نون لیگ نے ٹارگٹ کرنا ہے، اب نون لیگ کو لگا عمران خان کیخلاف اسٹیبلشمنٹ سے نتھی ہو کر بڑی غلطی ہو گئی، مریم نواز اب انٹی اسٹیبلشمنٹ چورن بیچیں گی۔
انہوں نے کہا کہ عدلیہ کیخلاف بیانات شروع ہو گئے، فوج کیخلاف اگلے چند دنوں میں شروع ہو جائیں گے۔ اس سکیم میں خامی یہ ہے کہ 1990 والے لوگ اب نہیں رہے اور مقابلہ بھی عمران خان سے ہے۔
فواد چوہدری نے کہاکہ سو پیاز اور سو چھتر کا محاورہ جس طرح نون لیگ پر صادق آتا ہے اس کی مثال ملنا مشکل ہے، اسٹیبلشمنٹ کی کھوکھ سے جنم لیا، آپس میں طے کیا کہ ایک بھائی پرو اسٹیبلشمنٹ سیاست کرے گا دوسرا انٹی اسٹیبلشمنٹ منجن بیچے گا، ایک کا منجن ناکام ہوا تو دوسرا آگے کر دو، یہی فارمولا اگلی نسل میں ٹرانسفر کیا جا رہا ہے۔