ڈپٹی سپیکر کی رولنگ کیخلاف درخواست، سپریم کورٹ میں سماعت آج

Published On 24 July,2022 05:37 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی سردار دوست محمد مزاری کی رولنگ کے خلاف پرویز الٰہی کی درخواست پر چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں سپریم کورٹ کا تین رکنی بنچ سماعت آج کرے گا، کاز لسٹ جاری کردی گئی جبکہ اس حوالے سے سکیورٹی کے خاطر خواہ انتظامات کئے گئے ہیں۔

سپریم کورٹ اور ریڈ زون کی سکیورٹی فول پروف بنانے کا فیصلہ کرلیا گیا، ریڈ ذون میں اینٹی رائٹس فورس تعینات کی جائے گی، ہفتہ کو لاہور میں رجسٹری برانچ کے باہر کارکنوں کی بڑی تعداد جمع ہوئی ،جس کے بعد سکیورٹی اداروں کاعدالت عظمیٰ کے باہر پھر کارکنوں کے جمع ہونے کا امکان ہے۔

حکومت نے سپریم کورٹ اور ریڈ زون کی سکیورٹی بڑھا دی ہے، جس کے بعد فیصلہ کیا گیا ہے کہ پیر کو کسی صورت سیاسی کارکنوں کو سپریم کورٹ تک رسائی نہ دی جائے، ریڈ زون میں داخلہ آفس کارڈ کی بنیاد پر ہی دیا جائے گا، ریڈ زون میں قیدی وین اور واٹر کینن بھی ریڈ زون میں رکھا جائے گا۔

چودھری شجاعت سے مولانا فضل الرحمان کا ٹیلیفونک رابطہ

پاکستان مسلم لیگ ق کے صدر چودھری شجاعت حسین اسلام آباد روانہ ہوئے تھے۔ مولانا فضل الرحمن کے ساتھ ٹیلی فونک رابطہ بھی ہوا ہے۔

سابق وزیر اعظم چودھری شجاعت حسین اپنے صاحبزادے وفاقی وزیر سالک حسین کے ہمراہ لاہور سے اسلام آباد گئے ہیں جہاں پر وہ اہم ملاقاتیں کریں گے۔

ترجمان کے مطابق چودھری شجاعت حسین کو سپریم کورٹ نے کل نہ طلب کیا نہ ہی وہ سپریم کورٹ میں پیش ہوں گے۔

چودھری شجاعت حسین اور مولانا فضل الرحمن کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ بھی ہوا ہے، سپریم کورٹ کیس، اتحادی معاملات پر بات چیت کی گئی۔

Advertisement