کراچی: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن میں کراچی کے حلقہ این اے 240 میں ضمنی انتخابات کے دوران بدامنی کیس میں الیکشن کمیشن نے عدم پیشی پر پریذائڈنگ افسر کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے۔
تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن میں ممبر سندھ نثار درانی کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے این اے 240 کراچی میں ضمنی انتخابات کے دوران بدامنی کیس کی سماعت ہوئی۔ پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفی کمال کے وکیل نے کمیشن کو بتایا کہ پی ایس پی دفتر کے باہر فائرنگ ہوئی اور کارکن جاں بحق ہوا۔ ٹی ایل پی والوں نے پی ایس پی کارکنوں فائرنگ کی۔ مصطفی کمال کسی پولنگ سٹیشن پر گئے نہ ہی ان کے پاس جانے کا مینڈیٹ تھا، پولیس جانبدارانہ تحقیقات کر رہی ہے، پولیس الیکشن کمیشن کو گمراہ کر رہی ہے۔
دوران سماعت ایس ایس پی کورنگی نے عدالت کو بتایا کہ ڈی آئی جی ایسٹ اور تین ایس پیز انکوائری کر رہے ہیں، یقین دلاتے ہیں کسی کیساتھ کوئی ذیادتی نہیں ہوگی۔
بعد ازاں الیکشن کمیشن نے عدم پیشی پر پریذائڈنگ افسر کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے ہیں۔ کمیشن نے کیس کی سماعت 10 اگست تک ملتوی کر دی۔