پولیس نے مسلم لیگ ن کے رہنما نذیر چوہان کو گرفتار کر لیا

Published On 01 August,2022 10:19 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 167 سے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو چھوڑ کر مسلم لیگ ن کی طرف سے الیکشن لڑنے والے نذیرچوہان کو پولیس نے گرفتار کر لیا۔

یاد رہے کہ 17 جولائی کو پنجاب کے 20 حلقوں میں ہونے والے ضمنی انتخاب کیلئے پنجاب اسمبلی کے حلقے پی پی 167 سے ڈی سیٹ ہونے والے پی ٹی آئی کے رکن اسمبلی نذیر چوہان کو مسلم لیگ (ن) نے ٹکٹ جاری کیا تھا۔

ضمنی الیکشن کے دوران پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے امیدوار چودھری شبیر گجر نے 40511 ووٹ حاصل کر کے فتح حاصل کی تھی جبکہ لیگی امیدوار نذیر چوہان صرف 26 ہزار ووٹ حاصل کر سکے تھے۔

دوسری طرف پولیس کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن کے ٹکٹ ہولڈر کے خلاف لاہور کے تھانہ جوہر ٹاؤن میں مقدمہ نمبر 1386/22 درج تھا، ان پر ضمنی الیکشن کی انتخابی مہم کے دوران تحریک انصاف کے دفتر پرحملے کا الزام تھا۔ انتخابی کیمپ پر فائرنگ سے شبیر گجر کا بھتیجا زخمی ہوا تھا۔

پولیس کے مطابق مقدمہ میں پی ٹی آئی کارکنوں پر تشدد کرنے کا بھی الزام تھا، نذیر چوہان کو سی آئی اے پولیس نے حراست میں لیا۔

سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر نے بتایا کہ نذیر چوہان پر اقدام قتل سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج تھا۔ نذیر چوہان سے تفتیش جاری ہے۔