لاہور: (دنیا نیوز) آرمی چیف جنرل قمر باجوہ نے سعودی عرب اور یو اے ای کے حکام سے رابطہ کر کے آئی ایم ایف پروگرام پر تبادلہ خیال کیا ہے۔
پاکستان کے لیے جلد اچھی خبر متوقع، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ایک اور بڑی کاوش کرتے ہوئے سعودی عرب اور یو اے ای کے حکام سے رابطہ کیا اور آئی ایم ایف پروگرام کے حوالے سے گفتگو کی۔
اس سے قبل آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے امریکی حکام سے بھی ٹیلی فونک رابطہ کیا تھا اور اپیل کی کہ آئی ایم ایف سے 1.2 ارب ڈالر قرض کا عمل تیز کروایا جائے۔ آرمی چیف نے امریکی ڈپٹی سیکرٹری سے گفتگو میں کہا تھا کہ امریکہ آئی ایم ایف کے پاکستان بارے پروگرام کے معاملے پر اپنا اثر و رسوخ استعمال کرے۔
عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ایگزیکٹو بورڈ کا آئندہ اجلاس 24 اگست کو منعقد کئے جانے کا امکان ہے جس میں پاکستان سے معاہدے کی منظوری دی جائے گی۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ آئی ایم ایف کی پاکستان میں نمائندہ ایستھرپیرز کا کہنا تھا کہ پاکستان نے پٹرولیم ڈویلپمنٹ فنڈ میں اضافہ کر کے مشترکہ جائزے کی شرائط پوری کر دی ہیں۔