لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب کابینہ کے 21 اراکین اسمبلی نے صوبائی وزرا کی حیثیت سے حلف اٹھا لیا، گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نے صوبائی کابینہ سے حلف لیا, تقریب میں وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی بھی شریک ہوئے۔
حلف اٹھانے والوں میں میاں اسلم اقبال، علی عباس شاہ، محسن لغاری، مور ملک، راجہ بشارت، راجہ یاسر ہمایوں، انصر مجید نیازی، منیب سلطان چیمہ، سردار شہاب الدین شامل ہیں۔
مراد راس، یاسمین راشد، خرم شہزاد، ہاشم ڈوگر، سردار آصف نکئی، علی افضل ساہی، نوابزادہ منصورعلی خان، حسین گردیزی، غضنفر عباس چھینہ، لطیف نذر، حسنین دریشک اور محمود الرشید نے بھی عہدوں کا حلف اٹھایا۔
رپورٹ کے مطابق 21 رکنی کابینہ میں ڈاکٹر یاسمین راشد محکمہ صحت، میاں اسلم اقبال ہاؤسنگ اور انڈسٹریز کے وزیر ہوں گے، میاں محمود الرشید بلدیات اور مراد راس سکولز ایجوکیشن کے وزیر ہوں گے۔
علی افضل ساہی وزیر مواصلات، راجہ بشارت وزیر پارلیمانی امور، پراسیکوشن اور کوآپریٹو ، لطیف نذر مائنز اینڈ منرل اور نوابزداہ منصور کو محکمہ مال دیا جا رہا ہے۔
وزیر اعلی پرویز الہی کی کابینہ میں سردار محسن لغاری خزانہ، سردار شہاب الدین سوشل ویلفیئر، سردار حسنین بہادر دریشک محکمہ خوراک اینڈ لائیو سٹاک، عنصر مجید نیازی محکمہ لیبر اور ملک تیمور کھیلوں کے وزیر ہوں گے، جبکہ احمد اویس کو دوبارہ پنجاب کا ایڈووکیٹ جنرل بنانے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔
مسرت جمشید چیمہ کو محکمہ اطلاعات کے ساتھ وزیراعلیٰ پنجاب کا معاون خصوصی بنایا جائے گا، ارسلان خالد کو محکمہ آئی ٹی کے ساتھ وزیراعلیٰ کا معاون خصوصی بنایا جا رہا ہے۔