ہیلی کاپٹر حادثہ: بلوچستان اسمبلی میں شہداء کیلئے قرارداد کثرت رائے سے منظور

Published On 06 August,2022 10:44 pm

کوئٹہ: (دنیا نیوز) بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں شہداء لسبیلہ کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی اور کمانڈر 12 کور شہید لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی، شہید میجر جنرل امجد حنیف اور دیگر شہداء لسبیلہ کیلئے تعزیتی قرارداد اپوزیشن و حکومتی اراکین نے کثرت رائے سے منظور کر لی۔

بلوچستان اسمبلی کا اجلاس قائم مقام اسپیکر سردار بابر موسیٰ خیل کی صدارت منعقد ہوا، اجلاس میں شہداء لسبیلہ کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی اور شہداء کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے تعزیتی قرارداد مشیر داخلہ ضیاء لانگو نے پیش کی۔

قرار داد میں کہا گیا کہ قوم اپنے شہداء کو خراج تحسین پیش کرتی ہے شہید لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی اور دیگر شہداء نے انسانیت کی خدمت کے دوران جان دیکر مثال قائم کی ہے جوکہ ملک و عوام کیلئے ان افسران و جوانوں کی گراں قدر خدمات کا اعتراف کر رہی ہیں۔

متن میں مزید کہا گیا کہ کمانڈر 12 کور نے سیلاب میں گھیرے اپنے بھائیوں کی جانیں بچانے کیلئے اپنی جان قربان کر دی ایوان شہداء کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتا ہے۔

اپوزیشن لیڈر ملک سکندر نے کہا کہ ہیلی کاپٹر سانحہ قومی المیہ ہے افسران و جوانوں کی شہادت سے قوم کا نقصان ہوا ہے۔

حکومتی رکن ظہور بلیدی نے کہا کہ واقعہ سے متعلق سوشل میڈیا پر منفی پروپیگنڈا قابل مذمت ہے شہداء قوم کا فخر ہیں پاکستانی قوم اپنے شہداء کی شہادت پر کرب میں مبتلا ہے کمانڈر 12 کور کی بلوچستان میں تعلیم اور امن امان کیلئے کاوشیں روز روشن کی طرح عیاں ہیں بحث کے بعد اپوزیشن و حکومتی اراکین نے تعزیتی قرارداد کثرت رائے سے منظور کر لی اپوزیشن رکن کی جانب سے سیلاب کی صورتحال پر این ڈی ایم اے اور پی ڈی ایم اے کی طرف سے خاطر خواہ اقدامات نہ کرنے پر تحریک التواء پیش کی گئی جس پر قائم مقام اسپیکر بابر موسیٰ خیل نے رائے شماری کی تو 5 ارکان نے ہاتھ کھڑے کیے جبکہ تحریک التواء کو 11 ارکان کی حمایت درکار تھی۔ تحریک التواء کو مطلوبہ اکثریت حاصل نہ ہونے پر تحریک التواء نمٹا دی گئی۔

بعد ازاں کورم کی نشاندھی پر اسمبلی کا اجلاس 10 اگست تک ملتوی کر دیا گیا۔
 

Advertisement