عمران خان اپنے ورکرز کو بدتہذیبی پر اکسا رہے ہیں: شرجیل میمن

Published On 07 August,2022 04:52 pm

کراچی:(دنیا نیوز) وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن نے کہا ہے کہ عمران خان اپنے ورکرز کو بدتہذیبی پر اکسا رہے ہیں، کارکن ان کے بہکاوے میں نہ آئیں، غلط طرز سیاست کے سبب ہی سعودی عرب میں پاکستانیوں کو سزا ہوئی، اس واقعہ کے ذمہ دار بھی پی ٹی آئی چیئرمین ہی ہیں۔

اپنے بیان میں شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ عمران خان کی غلط طرزِ سیاست کی وجہ سے سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کو سزائیں لگیں اور جیل چلے گئے، 6 پاکستانی اپنے خاندانوں کے کفیل تھے، اس واقعے کا ذمہ دار کوئی اور نہیں صرف عمران خان ہے، سابق وزیراعظم اقتدار کی ہوس میں نوجوانوں اور اپنے ورکروں کو نفرت کی آگ میں دھکیل رہے ہیں، جس کے نتائج ملک کے لئے بھیانک ثابت ہو رہے ہیں۔

صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ عمران خان کا ایجنڈا پاکستان میں انتشار پھیلانا ہے، پی ٹی آئی کے ورکرز اور بالخصوص نوجوان عمران خان کے بہکاوے میں نہ آئیں، عمران خان اپنے ورکرز کو بدتہذیبی پر اکسانے اور ورغلانے میں مصروف ہیں، ہیلی کاپٹر سانحہ پر نہ صرف شہیدوں کے ورثاء بلکہ پوری قوم افسردہ اور غمزدہ ہے، سانحہ کے بعد عمران خان کی جماعت نے جس طرح کی غیر اخلاقی مہم چلائی شہداء کے ورثاء اور قوم کی دل آزاری ہوئی، پوری قوم میں عمران خان کے لئے شدید نفرت بڑھ گئی ہے۔

شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ شہداء کے معاملے پر عمران خان اپنی حرکتوں سے باز آئیں، بصورت دیگر پاکستان کے غیرت مند عوام کے ہاتھ عمران خان کے غریبان میں ہونگے، عمران خان کو عوام بنی گالا سے باہر نکلنے نہیں دے گی، وہ نوجوان نسل اور اپنے ورکروں کو غلط راہ پر لے کر جا رہے ہیں۔
 

Advertisement