کوئٹہ: (دنیا نیوز) بلوچستان میں مون سون کے نئے اسپیل سے ایک بار پھر سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے، ریلیف کمشنر آفس اور ڈی جی پی ڈی ایم اے نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو مراسلہ جاری کردیا۔
مراسلے میں بلوچستان کے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایات جاری کی گئی ہیں جس میں مون سون بارشوں کے بارے میں آگاہ کیا گیا ہے بارشوں کے باعث دوبارہ سیلابی صورتحال متوقع ہے، مون سون بارشوں کا سلسلہ 10 اگست سے 13 اگست تک جاری رہے گا، اس دوران گرج چمک کے ساتھ صوبے کے 16 اضلاع میں شدید بارشیں ہونگی۔
لورالائی، بارکھان، کوہلو، موسیٰ خیل، شیرانی، سبی، بولان ، خضدار، قلات، پنجگور، کیچ، پسنی اور گوادر کے ندی نالوں میں طغیانی کا بھی خطرہ ہے۔
نشیبی و پہاڑی علاقوں سے آبادی کو محفوظ مقام پر منتقل کرنے اور اہم مقامات پر بھاری مشینری کی موجودگی یقینی بنانے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔