اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل کو اسلام آباد کی مقامی عدالت میں پیش کر دیا گیا۔
ڈاکٹر شہباز گِل کو ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں پیش کیا گیا، ڈیوٹی مجسٹریٹ عمر شبیر کیس کی سماعت کی اور اسلام آباد پولیس کی جانب سے شہباز گِل کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی جبکہ شہباز گل کے وکیل فیصل چوہدری نے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی مخالفت کی۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد نے آباد پولیس کی جانب سے شہباز گِل کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا پر پہلے فیصلہ محفوظ کر لیا جبکہ بعد میں پی ٹی آئی رہنما کا دو روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے پولیس کے حوالے کر دیا۔
شہباز گِل کی پیشی کے موقع پر ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد کے باہر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے اور اسلام آباد پولیس کی اضافی نفری تعینات کی گئی تھی۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما و سابق وزیر اعظم عمران خان کے چیف آف سٹاف شہباز گل پر تھانہ کوہسار میں اداروں کے خلاف مبینہ غداری سمیت سنگین نوعیت کے 10 مقدمات درج ہیں۔