10ماہ کی بچی کو اٹھا لیا جائے، سیاسی زندگی میں ایسا کبھی نہیں دیکھا: شیخ رشید

Published On 11 August,2022 08:22 pm

راولپنڈی:(دنیا نیوز) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وفاقی وزیر شیخ رشید نے کہا ہے کہ مخالف کی 10 ماہ کی بچی کی ماں کو گھر سے اٹھا لیا جائے، سیاسی زندگی میں ایسا کبھی نہیں دیکھا، حکومت کا ظالمانہ اقدام قابل مذمت ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے شیخ رشید نے لکھا کہ میری ساری سیاسی زندگی کی تاریخ میں نہ میں نے ایسا کبھی دیکھا نہ سنا کہ مخالف کی دس ماہ کی بچی کی ماں کو اس کے گھر سے اٹھا لیا جائے، شہباز گل کے بیانیے سے اختلاف کیا جا سکتا ہے اور بہت سارے لوگوں کو اختلاف ہے لیکن حکومت کے اس ظالمانہ، بیوقوفانہ اور جاہلانہ اقدام کی مذمت کرتا ہوں۔

45 دن بہت اہم، یوم آزادی کو یوم بربادی نہ بنایا جائے

قبل ازیں سربراہ عوامی مسلم لیگ و سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ 45 دن بہت اہم ہیں، یوم آزادی کو یوم بربادی نہ بنایا جائے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ وزراء زیادہ اور وزارتیں کم پڑ گئی ہیں، 5 درجن سے زیادہ وزراء صرف پریس کانفرنس کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عوام کی عدالت ہر صبح سوشل میڈیا پر لگتی ہے، 140 ملین باشعور نوجوانوں کی جیب میں فون ہے، حکمران اقتدار کا کمبل چھوڑ رہے ہیں، اب کمبل انہیں نہیں چھوڑ رہا، حکمران زمینی حقائق سمجھنے سے عاری ہیں۔

سابق وزیر داخلہ نے مزید لکھا کہ عوام کو مائنس کرنے والے خود مائنس ہونے والے ہیں، غربت کے ہاتھوں لوگ خود کشیاں کر رہے ہیں، KPK کے بعد بھتہ خوروں کی کالیں اسلام آباد، راولپنڈی پہنچ گئی ہیں۔

شیخ رشید احمد نے ٹوئٹر بیان میں اعلان کیا کہ 12 اگست کو 3 بجے لال حویلی میں پریس کانفرنس اور 13 اگست کی رات جلسہ کروں گا۔
 

 

 

Advertisement