اسلام آباد:(دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا ہے کہ تحریک انصاف اور اداروں کے درمیان تقسیم کی کوشش احمقانہ ہے، عمران خان افواج پاکستان کو مضبوط دیکھنا چاہتے ہیں، پاکستان میں صرف عوام کی تشکیل کردہ حکومت تسلیم کریں گے، حقیقی آزادی کا آخری مرحلہ شروع ہوگیا، واحد حل شفاف الیکشن ہیں، دو خاندانوں نے پیسہ چوری کرکے لندن اور دبئی میں رکھا، یہ صرف ملک لوٹنے کیلئے آتے ہیں۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چودھری کا کہنا تھا کہ مریم اورنگزیب کہتی ہیں عمران خان کو پسینے آرہے تھے ، دراصل عمران خان ایتھلیٹ ہیں روزانہ دو گھنٹے ایکسرسائز کرتے ہیں، مسلم لیگ ن کے رہنماؤں کو چیلینج ہے کہ کوئی بھی لیڈر آکر ایتھیلیٹ کیٹیگری میں عمران خان سے مقابلہ کرلے، مریم اورنگزیب کو وزیر اطلاعات تو بنا دیا گیا لیکن وزارت کا بیڑا غرق ہوگیا جبکہ ہم نے پی ٹی وی کو خسارے سے نکال کر منافع والا ادارہ بنا دیا تھا، مریم اورنگزیب کینڈی کرش کھیلتی رہتی ہیں، انہیں نقصان سے کوئی پرواہ نہیں ہے۔
فواد چودھری کا کہنا تھا کہ 13 اگست کو لاہور میں عظیم الشان اجتماع ہوگا، ہمارے اجتماع میں کبھی بھی کسی کی املاک کو نقصان نہیں پہنچا، لاہور کے لوگ ثابت کریں گے ان کے دل تحریک انصاف کے نام سے دھڑکتے ہیں، شہباز شریف پر آج بھی 24 ارب روپے منی لانڈرنگ کا اوپن شٹ کیس ہے مگر وہ اقتدار پر بیٹھا ہے جبکہ اُس کے بیٹے کو بھی وزیر اعلیٰ بنوایا گیا جس کے خلاف بے ضابطگیوں کے مقدمات زیر سماعت ہیں۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ زرداری، شریف خاندان اور ایسے تمام لوگ ایسے نظام سے تعلق رکھتے ہیں جہاں محنت کا نام و نشان نہیں بلکہ لوٹ مار، کرپشن اور دوسروں کے حق پر ڈاکا ڈالنا شامل ہے، یہ لوگ اقتدار میں آتے اور ملک کو لوٹ کر چلے جاتے ہیں کیونکہ ان کے گھر اور جائیدادیں دبئی و لندن میں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاک فوج اور ہمارے درمیان تفریق پیدا کرنے والے بے وقوف لوگ ہیں جنہیں ناکامی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ فواد چوہدری نے کہا کہ موجودہ کابینہ باہر نکلنے کے قابل نہیں کیونکہ لوگ انہیں دیکھ کر جوتے اتار لیتے ہیں، انہوں نے بجلی کی قیمتوں میں اس قدر اضافہ کردیا کہ غریب کا جینا ہی محال ہوگیا۔
سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پاکستان میں انصاف کا بول اُسی وقت بالا ہوگا جب امیر اور غریب کو برابر کی سزا دی جائے گی، ایسا نہیں ہوسکتا کہ کمزور کو اٹھا کر جیل میں ڈال دیا جائے اور تگڑے آدمی کو ریلیف ملے، جب تک یہ نظام ہے پاکستان بنانا ری پبلک کہلائے گا، جنگوں میں بھی عورتوں بچوں کو ہاتھ نہیں لگاتے، اس فاشسٹ حکومت نے انتقام اور ظلم میں ہر حد عبور کر لی ہے، 25 مئی کو یہ سلسلہ شروع ہوا اور اب ایک نئے مرحلے میں ہے، کوئی نہیں یہ وقت بھی گزر جائیگا۔