اسلام آباد:(دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف کے معاون خصوصی عطا تارڑ نے کہا ہے کہ شہباز گل کی ہرزہ سرائی پارٹی پالیسی سے ہٹ کر نہیں تھی، بیان فارن فنڈڈ ایجنڈے کے تحت دیا گیا، تفتیش کے دوران چیزیں سامنے آرہی ہیں، ملکی تاریخ میں کبھی بھی ایسے الفاظ استعمال نہیں کیے گئے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا کہ دوران تفتیش چیزیں آہستہ آہستہ سامنے آرہی ہیں، پاکستان کی تاریخ میں کبھی ایسے بغاوت کے الفاظ استعمال نہیں کیے گئے، اب سمجھ آرہی ہے کہ ملک دشمن ایجنڈا کس کا تھا، اپنی سیاست چمکانے کے لیے پاک فوج کے شہدا پر ٹرولنگ کی گئی، شہبازگل کا بیان فارن فنڈڈ ایجنڈے کے تحت ہے، شہباز گل نے اعتراف کیا ان کا بیان پارٹی پالیسی سے ہٹ کر نہیں تھا، یہ پوری جماعت اس وقت گل کے ساتھ کھڑی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مونس الہیٰ بگڑا لاڈلہ کس حیثیت سے پنجاب پولیس کو ہدایات دے رہا ہے، کیا ہی اچھا ہوتا آپ لوگ شہباز گل کے بیان کی مذمت کرتے، پرویز الہیٰ نے چوبیس گھنٹے بعد شہباز گل کے بیان کی مذمت کی، وزیراعلیٰ پنجاب کہتے ہیں شہباز گل کو ڈانٹا، وہ تو جیل میں ہے اور آپ نے کیسے ڈانٹ لیا، پنجاب کے وزیر داخلہ نے مذمت کرنے کے بجائے مجھے گرفتار کرنے کی تڑیاں لگا رہے ہیں، ہاشم کو چیلنج کرتا ہوں بطور وزیرداخلہ پنجاب مجھے انگلی بھی لگا کر دکھائیں، پنجاب کے جس مرضی شہر میں بیٹھ سکتا ہوں۔
عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ اتنی دیدہ دلیری بے شرمی سے شہباز گل کے بیان کا دفاع کر رہے ہیں، ان کو سیاست اتنی پیاری ہے، شہباز گل کے بیان کی مذمت کرنے کو تیار نہیں، تحریک انصاف فارن فنڈنگ سے چلنے والی پارٹی ہے، اقتدار سے دوری کے باعث عمران خان حواس باختہ ہوگئے ہیں، عمران خان نے شہباز گل کے بیان کی مذمت نہیں کی، بیرون ملک سے فنڈنگ آپ لیں اور ہمیں امپورٹڈ حکومت کہتے ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف کے معاون خصوصی نے کہا کہ شہباز گل کی جیب سے امریکا کا گرین کارڈ نکلا ہے، شہباز گل کا پورا نام ’شہباز شبیر‘ ہے، نام بھی پورا نہیں لکھتا، آج فواد چودھری کہہ رہے تھے کہ پی ٹی وی کا بیڑہ غرق کردیا، جب سپورٹس کے براڈ کاسٹنگ رائٹ من پسند چینل کو دیئے تب فواد چودھری کو پی ٹی وی کا خیال نہیں آیا، فواد چودھری اور نجی چینل بھی اس سازش کا حصہ ہے، ہاکی سٹیڈیم کی کروڑوں روپے کی آسٹروٹرف کو اکھاڑ دیا گیا، آسٹروٹرف کو اکھاڑنے پر ہائیکورٹ جا رہا ہوں، ہاکی گراؤنڈ میں آسٹروٹرف کو اکھاڑنا غیرقانونی ہے، شہباز گل کیس میں مزید پیشرفت سامنے آئے گی، گاڑی کے فراڈ کا وزیر داخلہ پنجاب ہاشم ڈوگر پر ایک مقدمہ درج ہے۔
آسٹروٹرف اکھاڑنے کا معاملہ، عطا تارڑ کا چیف سیکرٹری و دیگر کو قانونی نوٹس
لاہور کے ہاکی سٹیڈیم سے آسٹروٹرف اکھاڑنے کے معاملہ پر وزیراعظم شہباز شریف کے معاون خصوصی عطا تارڑ نے چیف سیکرٹری پنجاب، کمشنر لاہور اور ڈی جی سپورٹس بورڈ کو قانونی نوٹس بھیج دیا۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی کی جانب سے بھیجے گئے قانونی نوٹس میں کہا گیا کہ ہاکی سٹیڈیم میں جلسے کی اجازت دے کر قانون کی خلاف ورزی کی گئی ہے، کروڑوں روپے مالیت کی آسٹرو ٹرف اکھاڑ کر اختیارات سے تجاوز کر کے صوبے کے خزانے کو نقصان پہنچایا گیا ہے۔
عطا تارڑ نے کہا کہ نیب کے قانون کے تحت یہ سنگین جرائم ہیں، جلسے کی اجازت کو فوری طور پر منسوخ کیا جائے اور ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔
عمران خان بتائیں سازشی کون ہے؟ ہر لوٹ مار کا حساب دینا پڑے گا: مصدق ملک
ادھر وزیر مملکت برائے پٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ عمران خان بتائیں سازشی کون ہے؟ جو آپ کے ساتھ میچ فکس نہ کرے وہ غدار بن جاتا ہے، سب کو چور کہنے والوں کو اپنی چوری دکھائی نہیں دیتی، ہر لوٹ مار کا حساب دینا پڑے گا۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مصدق ملک نے کہا کہ ملک کو آزاد ہوئے 75 سال ہو گئے لیکن عمران خان کو آزاد ہونے کا یقین نہیں آرہا، وہ دوسروں کو چور اور غدارکہتے ہیں، کے الیکٹرک کو 3 ملین پاؤنڈ لے کر ایک ارب ڈالر کا فائدہ پہنچانے والا کیسے صادق و امین اور صاف شفاف ہو سکتا ہے، پی ٹی آئی کے کارکنوں نے سوشل میڈیا پر شہدا سے متعلق تضحیک آمیز ٹرینڈز چلائے، عمران خان کے منہ سے کسی نے نہیں سنا کہ شہباز گل نے جو کہا وہ غلط ہے، تحقیقات جاری ہیں جو بھی جرم میں ملوث ہوا اسے قانون کے مطابق سزا ملے گی، عمران خان لاہور میں کھیل کا میدان تباہ کرنے کے بجائے جلسے کے لئے کوئی اور جگہ چن لیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملک 75 ویں سالگرہ منانے جارہا ہے، عمران خان نے کل قوم سے خطاب کیا، توقع تھی کہ وہ امن اور ترقی کی بات کریں گے اور لوگوں کو امید دلائیں گے لیکن انہوں نے ایسا کچھ نہیں کہا اور صرف سازش کا ذکر کیا، عمرا ن خان بتائیں کہ کون ہے سازشی اور کون ان کے خلاف سازشیں کررہا ہے، ملک کو آزاد ہوئے 75 سال ہو گئے ہیں، عمران خان کو آج تک اپنے آزاد ہونے کا یقین نہیں آرہا، وہ غلام غلام کی رٹ لگائے ہوئے ہیں، خان صاحب ہمارا ملک آزاد ہے۔ جو آپ کے ساتھ میچ فکسنگ نہ کرے آپ اسے سازشی سمجھتے ہیں، عارف نقوی دنیا میں معاشی جرائم اور منی لانڈرنگ کے سب سے بڑے کیس کا مرکزی کردار ہے، عمران خان نے بل گیٹس کے پیسے کا ذکر کیا لیکن یہ نہیں بتایا کہ بل گیٹس کے چندے کے پیسے چوری کئے ہیں اور اسے اس جرم میں امریکا میں 290 سال کی سزا ہونے جا رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ عارف نقوی سے 3 ملین پاؤنڈ لے کر ایک ارب ڈالر کا ایک تحفہ دے دیا اور کے الیکٹرک نے خریداری کے وقت کراچی میں بجلی کی پیداوار کے لئے جو بجلی گھر لگانا تھا اسے ختم کرادیا اور ساتھ ہی اضافہ بجلی بھی کے الیکٹرک کو دے دی، چاہے ملک میں جتنی بھی لوڈ شیڈنگ ہو جائے اس کا عمران خان کو خیال نہیں تھا، کیا اس میں چوری اور سازش نظر نہیں آئی۔
مصدق ملک نے کہا کہ عمران خان کہتے ہیں کہ انہیں اداروں سے لڑایا جارہا ہے حالانکہ سوشل میڈیا پر شہدا سے متعلق تضحیک آمیز ٹرینڈ چلانے والے تحریک انصاف کے کارکن تھے اور کئی دن تک یہ ٹرینڈز چلائے جاتے رہے، کم از کم شہدا کا احترام کیا ہوتا، جنہوں نے اپنے ملک کے لئے جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے، شہباز گل جو اپنے آپ کو عمران خان کا چیف آف سٹاف کہلواتا ہے بغاوت پر اکسانے سے متعلق اس کا بیان بالکل واضح ہے، ہم سمجھ رہے تھے کہ عمران خان اس کے بیان سے لاتعلقی کا اظہارکریں گے لیکن ایسا کچھ نہیں کیا اور کسی نےعمران خان کے منہ سے یہ نہیں سنا کہ شہباز گل نے جو کہا ہے وہ غلط ہے۔
وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ اس سے پہلے سقوط ڈھاکہ سے متعلق عمران خان کے بیانات موجود ہیں، بھارت اور امریکا میں جاکر وہ جو کچھ کہتے رہے ہیں وہ سب کو پتہ ہے، عمران خان مودی سے ملنے جائیں، ملاقات کے لئے انتظار کرتے رہے، امریکا میں ٹرمپ کے ساتھ کشمیر کی سوداگری کرکے آئے ہیں، امریکی صدر کے فون کا انتظار کرتے رہے ہیں تو وہ وفا دار ہیں اور ہم غدارقرار دیئے جاتے ہیں، عمران خان دوسروں کو چور اور اپنے آپ کو صادق اور امین کہتے ہیںِ، لوگوں کو سول نافرمانی پراکسانے والا اور مار دھاڑ کی باتیں کرنے والا اپنے آپ کو صاف شفاف کہتا ہے۔
ایک سوال کے جواب میں مصدق ملک نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی نے شہباز گل کے بیان کی مذمت کی ہے۔
ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عمران خان ملک میں وافر بجلی کی باتیں کرتے تھے، بتائیں کہاں ہیں وہ وافر بجلی اور گیس، انہوں نے اپنے دور میں بجلی کی پیداوار کا کوئی منصوبہ نہیں لگایا، ملک کی 75 ویں سالگرہ پر وہ کیا کر رہے ہیں، انہیں کیوں یقین نہیں آرہا کہ یہ ملک ترقی کرے گا اور آگے بڑھے گا، گرفتاریاں قانون کے مطابق ہوں گی اور ایسا نہیں ہوگا کہ کسی کی گاڑی کو روک کر اس میں ہیروئین ڈال دی جائے اور کسی کو بے گناہ کال کوٹھری میں بند کری دیاجائے، تحقیقات جاری ہیں جو بھی جرم میں ملوث ہوا اس کے خلاف کارروائی ہوگی۔
مصدق ملک نے کہا کہ ہمارے کھلاڑیوں نے دولت مشترکہ کے کھیلوں میں شاندار کارنامے انجام دیئے ہیں لیکن ساتھ ساتھ انہوں نے سہولیات کی کمی کابھی شکوہ کیا ہے، بہتر ہے عمران خان لاہور میں جلسے کے لئے کھیل کا میدان تباہ کرنے کے بجائے کوئی اور جگہ کا انتخاب کرے، وزیراعظم نے کھلاڑیوں کو سہولیات دینے کا عزم ظاہر کیا ہے، امید ہے کہ صوبائی حکومتیں کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لئے اقدامات کریں گی۔