14 اگست کا دن سیاست پر ریاست کو اہمیت دینے کا تقاضا کرتا ہے: چودھری شجاعت

Published On 14 August,2022 07:24 pm

لاہور:(دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ق) کے سربراہ اور سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ ملک کی سلامتی کیلئے افواج پاکستان جو کام کر رہی ہیں اس میں ہم سب کو ان کا ہاتھ بٹانا ہو گا، سیاسی اور ذاتی لڑائیوں میں اداروں کو گھسیٹنے سے گریز کریں، 14 اگست جشن آزادی کا دن ہم سے تقاضا کرتا ہے کہ ہم اپنی انا، تکبر، ہٹ دھرمی چھوڑ کر سیاست پر ریاست کو اہمیت اور فوقیت دیں۔

اپنے ویڈیو پیغام میں چودھری شجاعت حسین کا کہنا تھا کہ آج پوری قوم 75 واں یوم آزادی جوش و جذبے کے ساتھ منا رہی ہے مگر ہمیں یہ ہر گز نہیں بھولنا چاہئے کہ آج پاکستان کو اندرونی، بیرونی، نظریاتی اور جغرافیائی محاذ پر بہت سی مشکلات کا سامنا ہے، اس لیے پوری قوم کو آج جشن آزادی مناتے وقت اس عزم کا عہد کرنا ہوگا کہ اگلے سال 14 اگست کو قوم کو بتا سکیں کہ ہم نے ذاتی طور پر ملک و قوم کیلئے کون سی خدمات انجام دی ہیں اس کا حساب دینا ہو گا، ہمیں یہ بھی نہیں بھولنا چاہئے کہ ملک کی معیشت اسی وقت درست ہو گی جب ہم ثابت قدم ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہر ادارے اور طبقے کو عہد کرنا ہو گا کہ وہ اپنی ذاتی سیاست پر ریاست کو فوقیت دے، نظریاتی و جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت کیلئے افواج پاکستان کا بہت بڑا کردار ہے، ہمیں ان لوگوں سے بھی ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے جو ذاتی فائدہ اٹھانے کیلئے منفی پراپیگنڈہ کرتے رہتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ آج پاکستان کو مشکلات سے نکالنے کیلئے اہل سیاست، اہل صحافت سمیت پوری قوم کو اپنے ذاتی اور سیاسی مفادات کو پیچھے رکھ کر اپنا اپنا مثبت کردار کرنا ہو گا، بدقسمتی سے کچھ لوگوں کی انا ملک و قوم سے بھی بڑی ہو چکی ہے، 14 اگست جشن آزادی کا دن ہم سے تقاضا کرتا ہے کہ ہم اپنی انا، تکبر، ہٹ دھرمی چھوڑ کر سیاست پر ریاست کو اہمیت اور فوقیت دیں، یہی آج کے دن کا پیغام اور 14 اگست کی اصل روح ہے۔
 

Advertisement