اسلام آباد: (دنیا نیوز) تحریک انصاف نے قومی اسمبلی کے 9 حلقوں میں ضمنی الیکشن کی انتخابی مہم کے حوالے سے حکمت عملی مرتب کرنے کیلئے مشاورت شروع کر دی۔
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی زیر صدارت بنی گالہ میں اہم مشاورتی اجلاس ہوا۔ اجلاس میں اسد عمر، فواد چودھری سمیت مرکزی قائدین نے شرکت کی۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں 9 حلقوں میں ضمنی انتخاب کے لیے انتخابی مہم کی حکمت عملی پر غور کیا گیا۔ ڈاکٹر بابر اعوان نے شہباز گل کیس سے متعلق عدالتی کاروائی پر بریفنگ دی۔
اجلاس میں ملکی سیاسی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس سے قبل اپنے ایک بیان میں عمران خان نے پنجاب میں 17 جولائی کے ضمنی انتخابات کے حوالے سے الیکشن کمیشن اور صوبائی انتظامیہ پر دھاندلی میں ملوث ہونے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب سے وہ تحریک انصاف ضمنی انتخاب جتی ہے حکمران اتحاد گھبرا گیا ہے
ان کا کہنا تھا کہ اُن کے خلاف توشہ خانہ اور ممنوعہ فنڈنگ جیسے مقدمات کے ذریعے کارروائی کی جائے گی۔ حکمرانوں نے سوچا ہے ان پر دباؤ ڈالا جائے اور ہراساں کیا جائے۔ اس ضمن میں انہوں نے شہباز گل کے بارے میں بات کرتے ہوئے الزام عائد کیا اُنھیں حوالات میں برہنہ کر کے اُن پر تشدد کیا گیا ہے۔
پی ٹی آئی چیئر مین کا کہنا تھا کہ شہباز گل نے جو کہا وہ نہیں کہنا چاہیے تھا کیونکہ اس سے یہ تاثر ملا کہ وہ فوج کو اکسا رہے ہیں، لیکن ان پر بہرحال ظلم کیا گیا ہے۔شہباز گل سے کہا جاتا رہا کہ وہ عمران خان کے خلاف بیان دیں اور کہیں کہ فوج کے خلاف بیان اُنھوں نے عمران خان کے کہنے پر دیا۔