لاہور:(دنیا نیوز) ہاکی سٹیڈیم سے آسٹرو ٹرف اکھاڑنے پر سپورٹس بورڈ پنجاب کیخلاف سابق انٹرنیشنل ہاکی پلئیرز نے احتجاج کیا، سٹیڈیم میں موجود پی ٹی آئی کارکنان کی جانب سے احتجاج روکنے کی کوشش کی گئی۔
نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں پاکستان تحریک انصاف کا پاور شو ہفتہ کو ہونے جارہا ہے، آسٹروٹرف کو اکھاڑنے پر سابق ہاکی کھلاڑی میدان میں آگئے اور پلے کارڈز اٹھا کر سپورٹس بورڈ پنجاب کے خلاف نعرے لگائے، سابق اولمپیئن گولڈ میڈلسٹ ڈاکٹر طارق عزیز، سابق انٹرنیشنل پلئیر میجر پیرزادہ، سابق مینجر قومی ٹیم کرنل ریٹائرڈ عبدالرؤف سندھو سمیت دیگر احتجاج میں شامل ہوئے، سٹیڈیم میں موجود پی ٹی آئی کارکنان نے احتجاج روکنے کی کوشش کی۔
میجر ریٹائرڈ پیر زادہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہاکی سٹیڈیم سے آسٹرو ٹرف کیوں اکھاڑی گئی، سٹیڈیم جلسہ گاہ نہیں ہے اسے جلسے کیلئے استعمال نہیں کرنا چاہیے۔
سابق ہاکی گولڈ میڈلسٹ ڈاکٹر طارق عزیز اور مینجر کرنل ریٹائرڈ عبدالرؤف سندھو نے کہا کہ آسٹر ٹرف آنے میں ایک سال کا وقت لگے گا، جھوٹ بولا جارہا ہے کہ آسٹرو ٹرف سرگودھا جارہی۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ ابھی نئے آسٹروٹرف کا ٹینڈر بھی جاری نہیں ہوا تاہم ایک طویل عرصہ کھلاڑی پریکٹس سے محروم رہیں گے۔