پی ٹی آئی کا اسلام آباد میں پاور شو، تیاریاں مکمل، مرکزی سٹیج تیار

Published On 02 July,2022 03:35 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) تحریک انصاف کی جانب سے آج اسلام آباد میں مہنگائی کے خلاف پاور شو منعقد کیا جائے گا جس کے لیے تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کی جانب سے آج اسلام آباد پریڈ گراؤنڈ میں جلسہ کیا جارہا ہے جس سے پارٹی چیئرمین و سابق وزیراعظم عمران خان خطاب کریں گے۔

جلسے کے لیے پریڈ گراؤنڈ میں تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں، مرکزی اسٹیج تیار کرلیا گیا ہے، جلسے کے انتظامات کو دیکھنے کے لیے تحریک انصاف کے رہنماؤں اور کارکنوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔

جلسے میں شرکت کے لیے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان ریلی کی شکل میں شمس آباد سے پریڈ گراونڈ تک آئیں گے جس کے لیے پولیس نے سیکیورٹی انتظامات مکمل کررکھے ہیں۔

دوسری جانب پولیس کے مطابق شرپسند عناصر کو قابو کرنے کے لیے پولیس کی بھاری نفری تعینات ہوگی، راولپنڈی ایس ایس پی آپریشنز وسیم ریاض کو سپر وائزری آفیسر مقرر کیا گیا ہے۔

پولیس نے راولپنڈی مری روڈ پر مختلف مقامات پر ڈائیورشن لگانے کا فیصلہ کیا ہے، راولپنڈی سکستھ روڈ سے اسلام آباد تک رابطہ سڑکیں بند رہیں گی، مری روڈ پر چلنے والی عام ٹریفک کو متبادل راستے فراہم کیے جائیں گے، عمران خان کی سکیورٹی کو مدنظر رکھتے ہوئے میٹروبس سروس کا روٹ تبدیل کیا جاسکتا ہے۔
 

Advertisement