شہباز گل پر تشدد ہوا یا نہیں، انکوائری کمیٹی کی تفتیش مکمل، میڈیکل بورڈ میں تبدیلی

Published On 21 August,2022 05:06 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کے چیف آف سٹاف شہباز گل پر تشدد کے الزامات پر انسپرک جنرل (آئی جی ) اسلام آباد کی نگرانی میں قائم کمیٹی نے انکوائری مکمل کرلی۔

ذرائع کا کہنا ہے آئی جی اسلام آباد اکبر ناصر کی سربراہی میں کمیٹی نے انکوائری مکمل کی، کمیٹی کے سامنے 4 تحریک انصاف رہنما فواد چودھری، راجہ خرم،علی اعوان، عثمان ڈار پیش ہوئے اور اپنے بیان ریکارڈ کروائے،

تحریک انصاف کے رہنماؤں کی جانب سے ناقابلِ تصدیق مخصوص اعضا کی مبینہ تصاویر بھی دی گئیں تاہم تصاویر کا ذریعہ اور وقت کے تعین کے معاملہ پر پی ٹی آئی رہنما لا جواب ہو گئے۔

کمیٹی نے ڈاکٹر سمیت رہنماؤں کے بیانات پر رپورٹ مرتب کر لی جو پیر کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیش کی جائے گی۔

 شہباز گل پر تشدد کا معاملہ، چار رکنی میڈیکل بورڈ میں پھر تبدیلی

 پی ٹی آئی رہنما شہباز گل پر تشدد کا معاملہ، چار رکنی میڈیکل بورڈ ایک بار پھر تبدیل کر دیا گیا۔

شہباز گل کے علاج معالجے کے لیے قائم نئے میڈیکل بورڈ میں پھر تبدیلی کے بعد پمز کے جنرل سرجن ڈاکٹر طارق عبداللہ کو میڈیکل بورڈ میں شامل کر لیا گیا۔

ذرائع کے مطابق ڈاکٹر عاطف انعام شامی کلینکل مصروفیات کے باعث بورڈ سے الگ ہوگئے ہیں جبکہ ایسوسی ایٹ پروفیسر میڈیسن شفاعت رسول میڈیکل بورڈ کے سربراہ مقرر کیے گئے ہیں۔

شہباز گل کے علاج کے لیے 4 رکنی میڈیکل بورڈ گزشتہ روز قائم کیا گیا تھا جبکہ پی ٹی آئی رہنما نے احتجاجاً کھانا پینا بھی چھوڑ دیا ہے۔

چار رکنی بورڈ شہباز گل کی صحت سے متعلق رپورٹ تیار کرے گا جبکہ میڈیکل بورڈ شہباز گل کے علاج اور ہسپتال سے چھٹی کے حوالے سے سفارشات دے گا، رپورٹ عدالت میں پیش کی جائے گی۔

Advertisement