لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان کی ایف نائن پارک میں ہونے والی تقریر کی حکومتی اتحاد میں شامل جماعتوں نے شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
حکومتی اتحاد کی طرف سے جاری کردہ مشترکہ اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان کی جانب سے ایف نائن پارک اسلام آباد میں کئے جانے والے خطاب کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں جس میں ایک خاتون مجسٹریٹ کا نام لیکر اسے دھمکی دی گئی ہے جبکہ آئی جی اور ڈی آئی جی پولیس اسلام آباد کو مخاطب کر کے ڈرانے کی کوشش کی گئی۔
اعلامیہ کے مطابق یہ دھمکیاں کھلی غنڈہ گردی اور لاقانونیت ہے، غدارفارن ایڈڈ جماعت اور فارن فنڈنگ لینے والا اس کا چئیرمین ہے جس نے اداروں میں بغاوت کی سازش کی ہے۔
مشترکہ بیان میں اعلیٰ عدلیہ پر زور دیا گیا کہ عمران خان کے خاتون مجسٹریٹ کو نام لیکر دھمکی دینے کا از خود نوٹس لے، وزیر داخلہ کار سرکار میں مداخلت اور قانون کے مطابق اپنے فرائض انجام دینے والے افسران اور سرکاری عملے کو دھمکیاں دینے پر عمران خان اور ان کے ساتھیوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائیں، عمران خان کو آئین اور قانون کا پابند بنایا جائے۔
حکومتی اتحاد میں شامل جماعتوں کا مشترکہ بیان
— PML(N) (@pmln_org) August 20, 2022
پاکستان تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان کی جانب سے ہفتہ کی رات ایف نائن پارک اسلام آباد میں کئے جانے والے خطاب کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں. pic.twitter.com/pHOJ7nBa6T
ادارے کی ساکھ متاثر کرنے والوں کیخلاف کارروائی ہوگی: اسلام آباد پولیس کا اعلان
سابق وزیراعظم عمران خان کی دھمکیوں کے بعد اسلام آباد پولیس نے اعلان کیا ہے کہ اسلام آباد پولیس کی بطور ادارہ ساکھ متاثر کرنے اور متنازعہ بنانے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی۔
اس حوالے سے اسلام آباد پولیس کا بھی بیان سامنے آیا ہے اور ترجمان نے کہا ہے کہ خاتون افسر اور دیگر پولیس افسران کو دھمکیاں دینا ریاستی اداروں کے خلاف عمل ہے۔ اسلام آباد پولیس کا ہر افسر اور جوان اپنے فرائض منصبی قانون کے مطابق سرانجام دے رہا ہے۔
ترجمان کا کہنا تھاکہ اسلام آباد پولیس کو بطور ادارہ ساکھ متاثر کرنے اور متنازع بنانے والوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔