لاہور:(دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ اداروں پر مسلسل الزام تراشیوں کے بعد اب بات دھمکیوں تک آ چکی ہے، عمران نیازی معاشرے میں نفرت انگیزی پھیلا رہا ہے، خاتون مجسٹریٹ کا نام لے کر دھمکانا قابل شرم فعل ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کی جانب سے اسلام آباد پولیس اور خاتون مجسٹریٹ کو دھمکیوں پر سابق وزیراعلیٰ پنجاب نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ عمران نیازی معاشرے میں نفرت انگیزی پھیلا رہا ہے، اداروں پر مسلسل الزام تراشیوں کے بعد اب بات دھمکیوں تک آ چکی ہے، آئی جی اور ڈی آئی جی اسلام آباد کو ڈرانا اور دھمکانا ملک میں انتشار پھیلانے کی سازش ہے۔
حمزہ شہباز کا کا مزید کہنا تھا کہ خاتون مجسٹریٹ کا نام لے کر دھمکانا قابل مذمت اور قابل شرم فعل ہے، فارن فنڈڈ جماعت کا سربراہ پاکستان میں ریاستی رٹ کو چیلنج کرنے کی کوشش کر رہا ہے، عمران نیازی کی انتہا پسندانہ سوچ کے آگے بند باندھنا ناگزیر بن چکا ہے۔