سندھ میں سیلاب کی تباہ کاریاں نہ رکیں، چھتیں گرنے سے مزید 9 افراد چل بسے

Published On 22 August,2022 02:39 pm

خیرپور: (دنیا نیوز) سندھ میں سیلاب سے تباہ کاریاں نہ رکیں، چھتیں گرنے سے مزید 9 افراد جان کی بازی ہار گئے۔

تفصیلات کے مطابق سندھ میں سیلاب کی تباہ کاریاں جاری ہیں، خیر پور، شکار پور اور لاڑکانہ میں چھتیں گرنے سے مزید 9 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ تیس زخمی ہوئے ہیں۔

خیر پور کے قریب احمد پور کے علاقے میں مسجد کی چھت گرنے سے 5 افراد جاں بحق، جبکہ 25 زخمی ہو گئے ہیں، زخمیوں میں 8 بچے اور خواتین بھی شامل ہیں۔

ادھر شکار پور میں بھی مکان کی چھت گرنے سے ایک اور بچہ جان کی بازی ہار گیا جس کے بعد جاں بحق افراد کی تعداد 6 ہو گئی ہے۔

دوسری جانب لاڑکانہ میں بھی بارش کے باعث ریلوے سٹیشن کے لوکو شیڈ کی چھت گرنے سے 3 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں جبکہ لاڑکانہ میں اب تک چھتیں گرنے کے واقعات میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 22 ہوگئی ہے۔
 

Advertisement