کوئٹہ: (دنیا نیوز) کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں مون سون بارشوں کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کے دوران امدادی سرگرمیوں میں پی ڈی ایم اے کے ساتھ ساتھ پاک فوج اور ایف سی کے جوان بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔
کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں کرخصہ ڈیم سمیت دیگر ڈیموں سے نکلنے والے پانی نے ہزارہ ٹاون مری کالونی سمیت مختلف علاقوں میں تباہی مچادی، پانی گھروں میں داخل ہونے سے لوگوں کا قیمتی سامان تباہ ہو گیا۔
سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پی ڈی ایم اے کے ساتھ آرمی چیف کی ہدایت پر پاک فوج بھی سول انتظامیہ کے ساتھ ملکر ریلیف ریسکیو آپریشن میں حصہ لے رہی ہے۔
کور کمانڈر کوئٹہ لیفٹیننٹ جنرل آصف غفور نے گزشتہ رات ہزارہ ٹاؤن کا دورہ بھی کیا اور سیلاب کی صورتحال اور امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔
آئی جی ایف سی نارتھ میجر جنرل امیر اجمل، کمشنر کوئٹہ سہیل الرحمن بلوچ، ڈی جی پی ڈی ایم اے نصیر ناصر، ڈپٹی کمشنر کوئٹہ شہک بلوچ، رکن مرکزی کونسل داود چنگیزی اور ہزارہ برداری کے دیگر حکام بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔
کمانڈر 12 کور نے ہزارہ ٹاؤن کے مختلف علاقوں میں سیلاب کی صورتحال اور امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا اور لوگوں میں گھل مل گئے-
انہوں نے علاقے کے درپیش مسائل اور حالیہ سیلاب سے ہونے والے نقصانات کے متعلق آگاہی حاصل کی اور ہر ممکن امداد کی یقین دہانی کرائی۔
اس موقع پر انہوں نے علاقہ مکینوں سے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ عوام کو پاک فوج کسی صورت تنہا نہیں چھوڑے گی اور مشکل کی اس گھڑی میں عوام انتظامیہ کو ہمیشہ اپنے درمیان پائے گی۔