اسلام آباد:(دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کے چیف آف سٹاف شہباز گل کی جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوانے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے مزید دو روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں پی ٹی آئی رہنما شہباز گل پر افواج پاکستان کے خلاف بغاوت پر اکسانے کے الزام کے مقدمے کی سماعت ہوئی۔
عدالت نے 24 اگست کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیا اور پولیس حکام کو مکمل سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ وکلا اور فیملی سے ملاقات کا آرڈر کر دیتے ہیں۔
پی ٹی آئی رہنما شہباز گل نے کمرہ عدالت میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کسی سے نہیں ملنے دیا جا رہا، کل رات بارہ افراد نے مجھے باندھ کر شیو کی، زبردستی ناشتہ کرانے اور کھانا کھلانے کی کوشش کی گئی، مجھے کپڑے بھی نہیں دیئےجا رہے، 5 دن سے نہا نہیں سکا، منہ نہیں دھوسکا، میں نے کبھی نہیں کہا میں مرنے لگا ہوں۔
شہباز گل کی گفتگو پر فاضل جج نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا ہے کہ آپ کہہ رہے ہیں تشدد ہوا مگر آپ کو تو ہتھکڑی بھی نہیں لگائی گئی۔
قبل ازیں عدالت نے شہباز گل کو ساڑھے 12 بجے تک پیش کرنے کا حکم دیا تھا جس پر پولیس نے پی ٹی آئی رہنما کو عدالت میں پیش کر دیا۔