فیصل آباد: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما عابد شیر علی اپنی ہی وفاقی حکومت پر برس پڑے اور عوام کے ساتھ احتجاج کرنے کی دھمکی دے دی۔
فیصل آباد میں پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما طلال چودھری کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے عابد شیر علی نے کہا کہ اگر عوام کو ریلیف نہیں دیا گیا تو ہم خود عوام کے ساتھ احتجاج میں شامل ہوجائیں گے۔ آج مفتاح اسماعیل کے بیان پر افسوس ہوتا ہے، مفتاح صاحب دفتر سے باہر نکلیں۔ عمران خان نے جو معاہدے کیے وزیر خزانہ ان پر عمل نہیں کریں، آئی ایم ایف سے نئے معاہدے کیے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ 18 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ تھی، جس کو نواز شریف نے ختم کیا تھا، اُس وقت بھی آئی ایم ایف کا پریشر ہوتا تھا۔ آج ہمارا مقابلہ عمران خان سے نہیں، بجلی کے بلوں سے شروع ہوگیا ہے، خدارا عوام کو ریلیف دیں، حلقوں میں جانا مشکل ہوتا جارہا ہے۔ 200 یونٹ تو ایک موٹر چلانے والے کا آ جاتا ہے۔