سیلاب سے نقصانات کا تخمینہ 900 ارب سے زائد، فصلوں کو شدید نقصان

Published On 26 August,2022 08:07 pm

کراچی: (دنیا نیوز) ابتدائی اندازوں کے مطابق سیلاب سے نقصانات کا تخمینہ 9سو ارب روپے سے زائد ہے۔ رواں سیزن میں ملک میں تین گنا زیادہ بارشیں ریکارڈ کی گئی ہیں ۔ گندم کی بوائی میں تاخیر، کپاس اور چاول کی فصل کو شدید نقصان پہنچ چکا ہے۔

جے ایس بروکریج کی ریسرچ کے مطابق رواں سیزن میں ملک بھر میں 3 گنا زیادہ سے پیدا ہونے والے سیلاب نے زندگی، فصلوں اور بنیادی ڈھانچے کو بری طرح نقصان پہنچایا ہے ۔

رپورٹ کے مطابق سیلاب سے نقصانات کو صحیح اندازہ نہیں لگایا جاسکتا لیکن نقصانات 9سو ارب روپے سے زائد ہونگے جو سال 11-2010کے سیلاب سے زیادہ ہیں۔

رپورٹ کے مطابق سیلاب کے باعث رواں سیزن میں برآمدات کم اور درآمدات زیادہ ہونگی۔ زمین کو سوکھنے میں 2 سے تین ماہ لگیں گے جس کے باعث گندم کی بوائی میں تاخیر ہوگی۔ گندم کی بوائی میں تاخیر کے باعث گندم کی فصل متاثر ہوگی اورنتجیجے میں 1ارب 70کروڑ ڈالر تک کی گندم درآمد کرنا پڑیگی۔

رپورٹ کے مطابق گزشتہ سال ڈھائی ارب ڈالرز کے چاول برآمد کیے تھے جو اس سال نہیں ہوپائینگے۔ کپاس کی درآمد کرنا پڑسکتی ہے۔ مویشیوں کی اموات کے باعث گوشت کی قیمت اور فصلوں اور باغات تباہ ہونے سے اجناس کی قیمتوں میں اضافہ ہوگا جس کے باعث ملک میں مہنگائی نئے ریکارڈ پر پہنچ جائیگی۔ جبکہ عوامی منصوبوں پر خرچ بڑھ جانے کے باعث حکومت مالیاتی خسارے کا ہدف حاصل نہیں کرپائے گی ۔
 

Advertisement