کراچی (دنیا نیوز)اسلامی برادر ملک ترکی کے 3 طیارے سیلاب زدگان کیلئے امدادی اشیا لے کر کراچی ایئرپورٹ پہنچ گئے، وفاقی وزیر خرم دستگیر نے بروقت امداد پر ترکی سے اظہار تشکر کیا۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر خرم دستگیر اور صوبائی وزیر سعید غنی نے ترک حکام سے امدادی سامان وصول کیا، ترکی سے پہنچنے والے سامان میں خیمے، کھانے پینے کی اشیا، مچھر دانیاں اور دیگر اشیا شامل ہیں۔ اس موقع پر قونصل جنرل ترکی جمال سانگو، پی ڈی ایم اے کے سلمان شاہ، پاک فوج کے اعلٰی حکام بھی موجود تھے۔
وفاقی وزیر خرم دستگیر نے ترکی سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ پوری دنیا میں سب سے پہلے امداد ترکی کی جانب سے موصول ہوئی ہے، ادارے جلد امدادی سامان مستحقین میں تقسیم کریں گے۔