یہ وقت سیاست کا نہیں، دکھی انسانیت کا ہاتھ تھامنے کا ہے: وزیراعظم

Published On 29 August,2022 11:43 am

نوشہرہ (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں نوشہرہ اور چار سدہ کا دورہ کیا، سیلاب سے ہونیوالے نقصانات اور امدادی کارروائیوں پر بریفنگ دی گئی۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف سیلاب زدہ علاقوں کا جائزہ لینے کییلئے نوشہرہ پہنچ گئے، نوشہرہ کے سیلاب متاثرہ علاقوں اور امدادی کیمپ کا دورہ کیا، گورنمنٹ کامرس کالج نوشہرہ میں سیلاب متاثرین کیلئے قائم کردہ امدادی کیمپ بھی گئے اور سیلاب متاثرین سے ملاقات کی۔

دورہ کے موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے نوشہرہ میں مردان پل پر سیلابی صورتحال کا جائزہ لیا، دریائے کابل میں سیلابی صورتحال اورریسکیو کارروائیوں پربریفنگ دی گئی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے سیلاب زدہ لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کیلئے تمام اقدامات کی ہدایت کی ہے،

بعدازاں وزیراعظم  نے چارسدہ کے سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کیا، امدادی صورتحال کا جائزہ لیا، میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بارشوں سے لاکھوں لوگوں کو نقصان پہنچا ہے، سندھ، بلوچستان، خیبرپختونخوا اور جنوبی پنجاب کے مختلف علاقوں کو سیلاب کا سامنا ہے، این ڈی ایم اے ،پی ڈی ایم اے افواج پاکستان کے ساتھ ملکر کام کر رہے ہیں، سیلاب کی وجہ سے کھڑی فصلوں کو نقصان پہنچا ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ یہ وقت سیاست کا نہیں بلکہ دکھی انسانیت کا ہاتھ تھامنے کا ہے، دوست ملکوں کے سربراہوں نے اس آفت پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا، سیلاب متاثرین کو بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت امداد دی جا رہی ہے۔

وزیراعظم پاکستان نے مخیر حضرات سے اپیل کی ہے کہ وہ آگے بڑھیں اور مدد کریں۔ سیلاب سے جاں بحق افراد کے لواحقین کو دس ،دس لاکھ روپے دیئے جاررہے ہیں، حکومت کی جانب سے سیلاب زدگان کو 25ہزار روپے کی مالی امداد دی جائے گی۔
 

Advertisement