دریائے سندھ میں کشتی الٹنے سے 11 افراد جاں بحق،4 کو زندہ بچا لیا گیا

Published On 29 August,2022 12:41 pm

سیہون شریف:(دنیا نیوز)سیہون شریف کے قریب گاوں بلاولپور میں دریائے سندھ میں کشتی الٹ گئی، 11 افراد جاں بحق ہوگئے، 4 کو زندہ نکالا گیا، مزید 3 افراد کی تلاش کیلیئے ریسکیو سرگرمیاں جاری، کمشنر حیدرآباد ندیم الرحمان میمن نے پہنچ کر ریسکیو سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔

ذرائع کے مطابق کشتی میں 17 سے زائد افراد سوار تھے، کمشنر حیدرآباد ندیم الرحمان میمن، رکن قومی اسمبلی سکندر علی راہپوٹو، وزیراعلی سندھ کے پرسنل سیکریٹری سلیم باجاری، ڈپٹی کمشنر جامشورو فریدالدین مصطفی نے جائے وقوع پر پہنچ کر ریسکیو سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔

اس موقع پر کمشنر حیدرآباد ندیم الرحمان میمن نے دنیا نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ 11 افراد کی لاشیں پانی سے باہر نکال دی گئی ہیں، جاں بحق افراد میں وکیلا کھوکھر، ریحان کھوکھر، ریشماں کھوکھر، سمینا کھوکھر، منظور کھوکھر، فاروق کھوکھر شامل ہیں۔

جاںبحق افراد میں اقرا عمرانی، شبانہ راہپوٹو اور شہزور چنا، نصیر چنا اور زبیدہ چنا شامل ہیں، تمام دس افراد کی لاشیں سید عبداللہ شاہ انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز سیہون منتقل کردی گئی ہیں، جبکہ 4 افراد کو زندہ حالت میں باہر نکالا گیا ہے،مزید 3 افراد کے ڈوبنے کی اطلاع ہیں جنہیں نکالنے کیلیئے ریسکیو ٹیمیں موجود ہیں۔

واضع رہے کہ دریائے سندھ کے پانی میں اضافے کے بعد سیہون کی یونین کونسل ٹلٹی کے 50 سے زائد دیہات ڈوب چکے ہیں، ان دیہاتوں کے لوگ کشتیوں کے ذریعے شہروں کی طرف آتے جاتے ہیں،حادثے کا شکار کشتی بھی دیہاتیوں کو لیکر شہر آرہی تھی تو الٹ کر ڈوب گئی۔اور افسوسناک واقعہ پیش آیا۔
 

Advertisement