لاہور: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ بھارت کے ساتھ تجارت کے حوالے سے بات زیر غور ہے، اس وقت ٹماٹر، پیاز لینے چاہئیں، وزیراعظم سے بھی بھارت سے تجارت کھولنے کے حوالے سے بات کروں گا، اس حوالے سے فیصلے میں دوسے چاردن لگیں گے۔
دنیا نیوز کے پروگرام ’آن دی فرنٹ‘ میں میزبان کامران شاہد کے ساتھ خصوصی گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ نے کہا کہ عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) جانے سے کم ازکم دیوالیہ نہیں ہوئے،سیلاب کی وجہ سے اشیا کی قیمتیں بڑھی ہیں،عمران خان کی حکومت نے تاریخی قرض لیے،عمران خان نے اپنے دوستوں کوایمنسٹی دی۔ہم نے عام آدمی کوڈیفالٹ سے بچایا ہے،اب ہم مہنگائی کوکم کریں گے، جومشکل فیصلے تھے وہ شہبازشریف نے کرلیے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اگرتحریک انصاف نے روس سے کوئی تیل لینے کا معاہدہ کیا توہمیں دکھا دیں، اس حوالے سے من گھڑت باتیں کی جارہی ہیں۔ شوکت ترین کی ٹیپ سامنے آنے پر ان کے جھوٹ سامنے آگئے ہیں، ان لوگوں نے ملک کو تماشا بنا دیا تھا، حیرت ہوئی ٹیپ سامنے آنے کے بعد بھی تیمورجھگڑا، اسد عمر پریس کانفرنس کر رہے ہیں،شوکت ترین کے پاس میرا نمبرموجود ہے، اگرآئی ایم ایف کےحوالے سے کوئی مشورہ دینا تھا تو مجھے پیغام بھیج سکتے تھے،جھوٹ کے پاؤں نہیں ہوتے،کیا ہم پاگل ہے ہمیں نہیں پتا اس وقت پاکستان میں سیلاب ہے،کیا آئی ایم ایف اندھا ہے اسے پاکستان میں سیلاب نظرنہیں آرہا،آئی ایم ایف کے بورڈ نے پاکستان کے ساتھ ہمدردی کا اظہارکیا ہے۔
اپوزیشن مثبت تنقید کرے، آخری دن خط اوران کی ٹیپ سامنے آنے پر ان کا جھوٹ پکڑا گیا،اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو ڈیفالٹ ہونے سے بچالیا۔
مفتاح اسماعیل نے کہا کہ کوئی دورائے نہیں خط لکھنا پاکستان کے مفاد کے خلاف سازش تھی،پاکستان کے خلاف سازش کرنا بہت بری بات ہے۔
وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ عمران خان بتائے ٹیلی تھون کے ذریعے کتنے پیسے آئے،ان کو یہ پیسہ چھیپا، سیلانی ویلفیئر کو دینے چاہیے، پی ٹی آئی چیئر مین کی کوئی حیثیت نہیں رہی،عمران خان پہلے بھی شوکت خانم کے پیسے کو جلسوں میں استعمال کرتے رہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کے ساتھ تجارت کے حوالے سے بات زیر غور ہے، میرے خیال سے اس وقت بھارت سے ٹماٹر، پیاز لینے چاہئیں، پاکستان میں اس وقت پیاز، ٹماٹرکی قیمتیں بہت بڑھ گئی ہیں،وزیراعظم سے بھی بھارت سے تجارت کھولنے کے حوالے سے بات کروں گا،انٹرنیشنل ایجنسی نے بھی کہا ہے تجارت کوکھول دیں،اس وقت سیلاب کی صورتحال ہے بھارت کے ساتھ تجارت کوکھول دینا چاہیے،بھارت کے حوالے سے فیصلے میں دوسے چاردن لگیں گے۔
مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ میں بھی نوازشریف کی ٹیم کا حصہ ہوں،مجھے ایک وٹس ایپ کے ذریعے نکالا جاسکتا ہے،میری وزارت ایک ٹویٹ کی مارہے،قیمتیں بڑھنے سے نوازشریف، شہبازشریف خوش نہیں،عوام پر بہت زیادہ بوجھ بڑھا ہے،عابدشیرعلی اپنے حلقے میں جارہا ہے لوگ اس سے بجلی کے بلوں بارے پوچھ رہے ہیں،عابدشیرعلی جس حوالے سے سوچ رہا ہے ٹھیک سوچ رہا ہے،دنیا بھرمیں بجلی،پٹرول کی قیمتیں بڑھ رہی ہیں ہم کیا کرسکتے ہیں،ہم جھوٹ نہیں بول رہے ہیں مان رہے ہیں مہنگائی ہوئی ہے۔