پنجاب:سیلاب سے اربوں مالیت کی فصلیں تباہ، خوراک کی قلت

Published On 31 August,2022 08:34 am

ملتان: (دنیا نیوز) جنوبی پنجاب میں سیلاب سے ہزاروں ایکڑ رقبے پر کھڑی اربوں مالیت کی مختلف فصلیں تباہ ہو گئی ہیں جس سے سیلاب زدہ علاقوں میں خوراک کی قلت ہونے پر سبزیوں کی قیمتوں میں بھی بے پناہ اضافہ ہو گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق جنوبی پنجاب میں خوفناک سیلاب کی تباہ کاریوں کا سلسلہ تا حال جاری ہے جس سے ہزاروں ایکڑ رقبے پر کھڑی کپاس، کماد، دھان، دالیں مختلف فصلیں اور چارہ جات کو شدید نقصان پہنچا ہے۔

اربوں مالیت کی فصلیں تباہ ہونے سے سیلاب زدہ علاقوں میں غذائی قلت پیدا ہو گئی ہے جس کی وجہ سے متاثرہ بستیوں کے مکینوں کی بڑی تعداد راشن کے حصول کیلئے امدادی ٹیموں کی منتظر ہے۔

سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں خو راک کی نایابی کیساتھ ادویات اور صاف پانی کی قلت کا بھی مسئلہ درپیش ہے جس کی و جہ سے سیلاب متاثرین کی اکثریت سیلابی پانی پینے پر مجبور ہو گئی ہے۔

حکومت نے سیلاب زدہ علاقوں میں مکانات کی تعمیر نو کیلئے فی کس 5 لاکھ روپے جبکہ جاں بحق افراد کے ورثا کیلئے 10 لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا ہے لیکن فصلوں کے نقصان کے حوالے سے تا حال کوئی سروے نہیں کیا گیا۔

فصلوں کے نقصان کے سروے نہ ہونے کی وجہ سے سیلاب متاثرین کے تحفظات بڑھنے پر متعلقہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز نے نقصان کے ازالے کیلئے سروے شروع کرنے کے احکامات دے دئیے ہیں۔
 

Advertisement