اسلام آباد:(دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف سے متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زید نے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور پاکستان میں سیلاب کی صورتحال اور نقصانات پر تبادلہ خیال کیا۔
وزیر اعظم نے یو اے ای کے صدر کو بتایا کہ سیلاب سے تقریباً 3 کروڑ 30 لاکھ افراد متاثر ہوئے ہیں جبکہ سیلاب کی زد میں آکر 1162 افراد جاں بحق اور 3554 زخمی ہوئے ہیں، مشکل کی گھڑی میں یو اے ای کے مثالی تعاون سے نیا حوصلہ ملا ہے۔
دوسری جانب چین کے صدر اور وزیراعظم کا پیغام پاکستان میں چین کے سفیر نے پاکستانی قیادت کو پہنچایا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ ہمیشہ کی طرح چین کی قیادت اور عوام نے پاکستان دوستی اور فراخ دلی کا مظاہرہ کیا ہے، صدر شی جن پنگ اور وزیراعظم لی کی چیانگ کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔
چین کی جانب سے سیلاب متاثرین کے لئے 100 ملین یوآن کی امداد کا اعلان کیا گیا ہے جس میں 25000 خیمے اور دیگر امدادی اشیاء شامل ہیں۔